• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رشتے میں تبدیلی آئی ہے مگر ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں، عامر خان

شائع July 4, 2021
عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ نے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کی تھی — فائل فوٹو: رائٹرز
عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ نے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کی تھی — فائل فوٹو: رائٹرز

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور فلمساز کرن راؤ نے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کے بعد ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے لیکن ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں۔

خیال رہے کہ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی جانب سے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد ان کے مداح پریشان نظر آئے جبکہ طلاق کی وجوہات پر کچھ چہ مگوئیاں بھی کی جارہی ہیں۔

کرن راؤ اور عامر خان کی جوڑی کا شمار نہ صرف بولی وڈ کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا بلکہ دونوں کو بھارت کی بھی رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا اور انہوں نے متعدد فلمی منصوبے ایک ساتھ کیے اور شادی سے قبل بھی دونوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے تھے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار عامر خان اور اہلیہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوگئی

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک پاپا رازی اکاؤنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں عامر خان اور کرن راؤ کو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اپنے مداحوں کے نام جاری کیے گئے پیغام میں عامر خان نے کہا کہ 'تو آپ لوگوں کو دکھ بھی ہوا ہوگا، اچھا نہیں لگا ہوگا، دھچکا لگا ہوگا'۔

عامر خان نے کہا کہ 'ہم بس آپ سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور ہم ایک ہی خاندان ہیں'۔

بولی وڈ سپر اسٹار نے کہا کہ ہمارے رشتے میں بدلاؤ آیا ہے لیکن ہم لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں تو آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچیے گا۔

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ اور کرن راؤ اپنی فلاحی تنظیم پانی فاؤنڈیشن کو اپنا بچہ سمجھتے ہیں۔

ویڈیو میں عامر خان نے مزید کہا کہ 'اور پانی فاؤنڈیشن ہمارے لیے آزاد کی طرح ہے، جیسے آزاد ہمارا بچہ ہے ویسے ہی پانی فاؤنڈیشن، تو ہم لوگ ہمیشہ فیملی کی طرح رہیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: کیا عامر خان کی طلاق کا سبب فاطمہ ثنا شیخ ہیں؟

عامر خان نے کہا کہ ہم لوگوں کو بس یہی کہنا تھا کہ آپ لوگ ہمارے لیے دعا کریں کہ ہم خوش رہیں۔

دونوں کی شادی 15 سال تک چلی—فائل فوٹو: آئی اے این ایس
دونوں کی شادی 15 سال تک چلی—فائل فوٹو: آئی اے این ایس

خیال رہے کہ عامر خان اور کرن راؤ نے 3 جولائی کو میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق ہوجانے کی تصدیق کی تھی۔

میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے 20 سالہ ساتھ کو خوبصورت رشتے کا نام دیا تھا اور بتایا تھا کہ اب دونوں میاں اور بیوی کے طور پر ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ وہ ایک بیٹے کی پرورش کے لیے مشترکہ والدین کے طور پر ساتھ رہیں گے۔

کرن راؤ اور عامر خان کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے—فائل فوٹو: فیس بک
کرن راؤ اور عامر خان کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے—فائل فوٹو: فیس بک

بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں نے 20 سال تک ایک دوسرے کی عزت کی اور 15 سال تک ان کا رشتہ میاں اور بیوی کے طور پر رہا مگر اب دونوں کے نئے رشتے اور تعلق کا آغاز ہوگا۔

بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی تھی کہ دونوں نے طلاق سے متعلق کچھ عرصہ قبل ہی سوچنا شروع کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیوں دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے سے متعلق سوچنا شروع کیا تھا؟

کرن راؤ سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔

عامر خان کے پہلی اہلیہ سے بیٹا اور بیٹی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عامر خان کے پہلی اہلیہ سے بیٹا اور بیٹی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پہلی شادی سے عامر خان کے دو بچے ہیں، ان کی بیٹی کا نام ارا خان اور بیٹے کا نام جنید خان ہے جو جلد ہی فلموں میں دکھائی دیں گے۔

عامر خان کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی ان کے تعلقات کرن راؤ سے استوار ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور ان کے 10 سالہ بیٹے کا نام آزاد خان ہے۔

دونوں کا 10 سالہ بیٹا آزاد خان بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کا 10 سالہ بیٹا آزاد خان بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024