• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایمریٹس نے پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کردیں

شائع July 4, 2021
امارات نے کہا کہ جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
امارات نے کہا کہ جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایمریٹس ایئر لائن نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت کی ہدایت پر کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے خلیجی ریاستوں میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن کل (پیر) سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری ایئر لائن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ 14 دنوں کے دوران تینوں ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو کسی بھی مقام سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے ائیر لائن کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: پروازوں کی 'منسوخی': غیرملکی ایئرلائنز سے پاکستانی مسافروں کو ’ہرجانے‘ کی ادائیگی کا مطالبہ

بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے شہری، گولڈن ویزا کے حامل اور سفارتی مشن کے اراکین جو کووڈ-19 کے پروٹوکول کی تعمیل کرچکے ہیں، انہیں پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

ایمریٹس کے مطابق جن لوگوں نے پہلے ہی ٹکٹ بک کروائے ہیں وہ انہیں مستقبل کی پرواز یا دوبارہ تاریخ کے لیے ری بک کراسکتے ہیں۔

امارات ایئر لائنز، ان فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے، جنہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے ’اچانک پروازوں کی منسوخی‘ کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی تکلیف پر انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 5 بین الاقوامی ایئر لائنز کے ساتھ مذکورہ معاملہ اٹھاتے ہوئے انہیں ہدایت کی تھی کہ وہ مسافروں کو کسی بھی دوسری ایئرلائن میں جگہ فراہم کریں ورنہ انہیں ہوٹل میں رہائش اور ہرجانے کی ادائیگی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا

قطر ایئر ویز، ترک ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کے نام سی اے اے نے اپنے مراسلے میں اچانک پرواز منسوخی پر پاکستانی مسافروں کو ہونے والی پریشانی کا مسئلہ اٹھایا۔

خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی

دریں اثنا وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ سی اے اے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بیرون ملک میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سمیت خلیجی ممالک کے لیے 18 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے لیے 5 پروازوں کے ذریعے 5 سے 10 جولائی کے درمیان دبئی اور شارجہ سے 3 ہزار 394 مسافروں کو وطن واپس لائیں گے۔

مزید پڑھیں: امارات نے پاکستان پر عائد سفری پابندیوں میں 21 جولائی تک توسیع کردی

غلام خان نے بتایا کہ دوحہ کے لیے 6 جولائی سے 18 جولائی کے دوران 6 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 16 مسافروں کو وطن لایا جائے گا جبکہ بحرین سے 772 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 9 اور 11 جولائی کے درمیان دو پروازیں چلیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ہم نے متحدہ عرب امارات کے لیے 2 ہزار خصوصی نشستیں مختص کی ہیں اور (پھنسے ہوئے پاکستانیوں) کو عید سے قبل ہی وطن واپس لایا جائے گا۔

غلام سرور نے کہا کہ پی آئی اے نے اس مقصد کے لیے اپنے ایئربس اے 320 طیاروں کو اپ گریڈ کیا ہے جبکہ بی بی بی 7 کے چار طیارے بھی مخصوص کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بکنگ شروع کردی گئی ہے اور کل سے متحدہ عرب امارات سے فلائٹ آپریشن شروع ہوجائے گا اور 4 دن میں خلیجی کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کو باعزت طریقے سے واپس وطن لایا جائے گا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ امارات، قطر ایئر ویز، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی سمیت ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024