• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ویکسین کی فراہمی پاک-امریکا تعلقات کی پائیداری کا مظہر ہے، ٹونی بلنکن

شائع July 4, 2021
امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں اس عالمی وبا کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں—تصویر: اناطولو
امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں اس عالمی وبا کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں—تصویر: اناطولو

واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکوں کی فراہمی پاکستان کے ساتھ امریکا کی 'پائیدار دوستی' اور کووِڈ 19 کے خلاف لڑائی میں تعاون کا مظہر ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے ویکسینز اسلام آباد میں حکام کے حوالے کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد امریکی سیکریٹری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'ہم دنیا بھر میں اس عالمی وبا کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

پاکستان کو عطیہ کی گئی ویکسینز امریکا کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی 8 کروڑ خوراکوں کی فراہمی کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موڈرنا ویکسین صرف بیرون ملک جانے والوں کو لگائی جائے گی، اسد عمر

رواں برس مئی میں پاکستان کو امریکی حمایت سے چلنے والے اقوامِ متحدہ کے پروگرام کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں موصول ہوئی تھیں۔

بعدازاں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور انجیلا پی ایگیلر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مستقبل میں واشنگٹن مزید (ویکیسنز) بھیجے گا۔

واشنگٹن میں امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ یہ 'فراہمی پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارے تعلقات اور جتنے زیادہ افراد کو جتنی جلد ممکن ہو ویکسینیٹ کر کے عالمی وبا کو شکست دینے کے عزم کو واضح کرتی ہے'۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے کوویکس پروگرام کے تحت بنگلہ دیش کو بھی موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کی ہیں۔

مزید پڑھیں: 15 لاکھ موڈرنا ویکسین پاکستان بھیجی جارہی ہیں، امریکا

ٹونی بلنکن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'یہ تمام کھیپیں (بھجوانے کا) ایک ہی مقصد ہے اور وہ یہ ہے زندگیاں بچانا اور یہ تو محض شروعات ہے'۔

ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے بین الاقوامی برادری کو یقین دہانی کروائی تھی امریکا اس وائرس کے خلاف ہماری مشترکہ لڑائی میں دنیا کا ویکسین ہتھیار بن جائے گا۔

امریکی سفارتخانے کی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ 'پاکستانی حکومت اور ہمارے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے ویکسینز جتنی جلد اور جتنی محفوظ طریقے سے تقسم کی جاسکے کردیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسینز کے علاوہ امریکا پاکستانی حکومت کے ساتھ پارٹنر شپ کے طور پر پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر کی کووِڈ معاونت بھی فراہم کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن کووڈ ویکسین ڈیلٹا قسم کے خلاف مؤثر قرار

نیویارک میں اقوامِ متحدہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ ویکسینیشن کی کوششوں اور صحت عامہ کے اقدامات میں اضافہ کر کے کورونا کے نئے ہھیلاؤ کو روکیں۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ وائرس کی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا متعدد ممالک میں وائرس کی اقسام پر غالب آگئی ہے، ہم عالمی وبا کے بہت خطرناک مرحلے میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025