• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں دو ویسٹ انڈین خواتین کرکٹرز میدان میں بے ہوش

شائع July 3, 2021
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو میچ میں 8رنز سے شکست دی— فوٹو بشکریہ ویسٹ انڈیز کرکٹ
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو میچ میں 8رنز سے شکست دی— فوٹو بشکریہ ویسٹ انڈیز کرکٹ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں میزبان ٹیم کی دو کھلاڑی بیہوش ہو گئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

کرک انفو کے مطابق انٹیگا میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا میچ خراب موسم سے متاثر ہوا اور ویسٹ انڈیز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی بیٹنگ کے دوران ویسٹ انڈیز کی دو فیلڈرز شدید گرمی اور حبس کے باعث میدان میں بے ہوش گئیں اور انہیں فوری طورپر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چنیل ہنری اور چیڈین نیشن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، دونوں کی حالت بہتر اور وہ ہوش میں ہیں اور ان کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کے بے ہوش ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میدان میں متبادل کھلاڑیوں کو اتارنا پڑا اور ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ کے دوران موسم کی بار بار مداخلت کے باعث میزبان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ کورٹنی واش نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، مجھے خوشی ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ہم فتح کے حصول میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کی کپتان جویریہ خان نے دونوں حریف کھلاڑیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی دعائیں چنیل ہنری اور چیڈین نیشن کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، اُمید ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر ہمارے خلاف اگلے میچ کے لیے میدان میں اتریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوران کھیل اس طرح کے واقعات ہلا کر رکھ دیتے ہیں اور ہم ویسٹ انڈین ٹیم کی ہمت کو داد دیتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت کے باوجود اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے فتح حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی فتح

واضح رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان ٹیم نے انٹیگا میں کھیلے گئے میچ میں کائشیا نائٹ کے 30 اور چائیڈین نیشن کے 28 رنز کی بدولت 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔

میچ کے دوران موسم کی بار بار مداخلت کے سبب اننگز تاخیر کا شکار ہوئی اور پاکستان کو 18 اوورز میں 11 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن ندا ڈار کی 29 رنز کی اننگز کے باوجود پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 103 رنز ہی بنا سکی اور ویسٹ انڈیز نے 8 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس فتح کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں بھی فتح حاصل کر لی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024