• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کا دعویٰ مسترد

شائع July 2, 2021
بھارت کے دعوے کو مسترد کردیا گیا—فوٹو: بھارتی ہائی کمیشن فیس بک
بھارت کے دعوے کو مسترد کردیا گیا—فوٹو: بھارتی ہائی کمیشن فیس بک

دفترخارجہ نے بھارت کی جانب سے اسلام آباد میں قائم بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ‘ڈرون’ کے چکر لگانے کے حوالے سے کیے گئے دعووں کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی دعووں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم نے بھارتی خارجہ امور کی وزارت کے بیان اور بھارتی میڈیا کے مخصوص حلقوں کے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے احاطے میں ڈرون کی پرواز کے الزامات دیکھ چکے ہیں’۔

مزید پڑھیں: دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملے سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ‘مضحکہ خیز ’ دعوے حقیقت کے برعکس ہیں اور ‘پاکستان کے ساتھ جو کچھ شیئر کیا گیا ہے اس میں ان الزامات کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں’۔

قبل ازیں بھارت کی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ 26 جون کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے احاطے میں ڈرون کی پرواز دیکھی گئی تھی۔

بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے بھارتی خارجہ امور کی وزارت کا حوالے دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا تھا کہ ‘اس معاملے کو پاکستان کے ساتھ باقاعدہ طور پر اٹھایا گیا ہے، ہمیں امید ہے کہ پاکستان اس پر تحقیقات کرے گا اور اس طرح کی سیکیورٹی کی خلاف ورزی دوبارہ نہ ہو’۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی ‘پروپیگنڈا مہم’ کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب حال ہی میں لاہور میں ہونے والے دھماکے کے ثبوت اکٹھے کیے جارہے ہیں اور اس میں ‘پاکستان کے خلاف بیرونی فورس کے ساتھ ریاستی دہشت گردی کے ملوث ہونے کے اشارے مل رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان نے ان الزامات اور بھارتی حربوں کو یکسر مسترد کردیا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ان کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں بدستور کھڑے رہیں گے’۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں جموں کے فضائی اڈے میں 2 دھماکے

خیال رہے پاکستان نے دو روز قبل مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہوئے ڈرون حملے میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے بھارت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 'غیر ذمہ دارانہ' قرار دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مبینہ ڈرون حملے کے حوالے سے بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ امور کشن ریڈی کے گمراہ کن اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو یکسر مسترد کرتا ہے'۔

بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نے کہا تھا کہ جموں ایئر فورس اسٹیشن حملے میں پاکستان کے کردار کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

دفتر خارجہ نے بیان میں کہا تھا 'یہ الزامات پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم کا مظہر ہے جو بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کا خاصا ہے'۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ 'یہ کسی بھی الزام کو خارج کرنے کی جانی پہچانی بھارتی چال ہے کہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات کو منظر دھندلانے کے لیے استعمال کیا جائے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جاری مقامی جدوجہد کو کمزور کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024