پنجاب میں ویکسین کے ضیاع کی تردید، معمول کی 38 ہزار خوراکیں ضائع ہوئیں، محکمہ صحت
محکمہ صحت پنجاب نے کووڈ-19 کی 38 ہزار خوراکیں ‘اسٹوریج میں مناسب اسٹوریج’ کی عدم دستیابی کی وجہ سے ضائع ہونے کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔
سیکریٹری محکمہ پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر سارا اسلم نے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی ٹمپریچر کی وجہ سے 38ہزار ویکسین کی ڈوزز ضائع ہونے کی خبر بے بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم میں ہونے والی معمول کی مجموعی ویسٹیج کے اعدادوشمار کو میڈیا کے مخصوص حلقے کی جانب سے غلط پیش کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خبر میں جن اعدادوشمار کا ذکر ہے وہ گزشتہ 5ماہ میں ہونے والی معمول کی ویسٹیج کے مجموعی اعداد وشمار ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر این سی او سی کو بھیجے جاتے ہیں۔
سارہ اسلم نے کہا کہ اب تک پنجاب میں 86لاکھ 2 ہزار 6 سو 24 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جس کی مجموعی ویسٹیج 38 ہزار 557 ہے اور پنجاب میں کورونا ویکسین کی ویسٹیج مجموعی سپلائی کا 0.37 فیصد رہی ہے، جو کہ معمول کی ویسٹیج ہے۔
سیکریٹری پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ پنجاب کے تمام کولڈ روم میں ویکسین کی اسٹوریج کے بین الاقوامی معیات کے مطابق بہترین انتظامات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کا درجہ حرارت ایس او پیز کے مطابق چیک کیا جاتا ہے، اس لیے عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین بالکل صحیح طرح سے اسٹور کی جاتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد کو لگائی جاتی ہے۔