• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شہزادی ڈیانا کی 60ویں سالگرہ پر ’مجسمے‘ کی رونمائی

شائع July 1, 2021
یہ مجسمہ لندن میں واقع کنسنگٹن محل کے سنکن گارڈن میں نصب کیا گیا ہے—فوٹو: اے پی
یہ مجسمہ لندن میں واقع کنسنگٹن محل کے سنکن گارڈن میں نصب کیا گیا ہے—فوٹو: اے پی

برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری نے اپنی والدہ، پرنسز آف ویلز، شہزادی ٰڈیانا کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے مجسمے کی رونمائی کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ‘بی بی سی ‘ کی رپورٹ کے مطابق شہزادی ڈیانا کا یہ مجسمہ لندن میں واقع کنسنگٹن محل کے سنکن گارڈن میں نصب کیا گیا ہے۔

شہزادہ ولیم اور ہیری نے اپنی والدہ کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی ایک تقریب میں اس مجسمے کی رونمائی کی۔

فوٹو: کنسنگٹن محل انسٹاگرام—
فوٹو: کنسنگٹن محل انسٹاگرام—

خیال رہے کہ اپریل کے میں ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد دونوں شہزادے پہلی مرتبہ عوامی سطح پر ایک ساتھ نظر آئے۔

اس موقع پر جاری کیے گئے بیان میں برطانوی شہزادوں نے کہا کہ ’ہم ان (شہزادی ٰڈیانا) کی محبت، طاقت اور کردار کو یاد کرتے ہیں، وہ خوبیاں جنہوں نے انہیں دنیا بھر میں اچھائی کے لیے ایک قوت بنادیا، جس نے لوگوں کی بہتری کی خاطر ان کی زندگیاں بدلیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہر دن ہم یہ خواہش کرتے ہیں کہ وہ آج بھی ہمارے ساتھ ہوتیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس مجسمے کو شہزادی ڈیانا کی زندگی اور ان کی میراث کی علامت کے طور پر ہمیشہ دیکھا جائے گا’

برطانوی شہزادوں نے اپنی والدہ کو یاد کرنے والے دنیا بھر کے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

فوٹو: رائٹرز—
فوٹو: رائٹرز—

شہزادہ ہیری جو اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کے ساتھ امریکا میں مقیم ہیں وہ آج (یکم جولائی) کی تقریب سے قبل قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے ہی برطانیہ پہنچ گئے تھے۔

تاہم شہزادی ڈیانا کے مجسمے کی تقریبِ رونمائی انتہائی محدود پیمانے پر اور سادہ انداز میں کی گئی۔

تقریب رونمائی میں شہزادہ ولیم، شہزادہ ہیری، شہزادی ڈیانا کی 2 بہنوں، ان کے ایک بھائی اور اسٹیچو کمیٹی کے اراکین سمیت مہمانوں کی محدودد تعداد نے شرکت کی۔

شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ایک ساتھ سنکن گارڈن میں داخل ہوئے تھے، بعدازاں ہیری نے اپنی دونوں خالاؤں کے ساتھ بھی وقت گزارا۔

فوٹو:پی اے میڈیا—
فوٹو:پی اے میڈیا—

دونوں میں ے کسی نے بھی تقریب میں عوامی سطح پر کوئی بات چیت نہیں کی، مجسمے کی رونمائی کے موقع پر کوئی تقریر یا فین فیئر نہیں ہوا۔

کانسی سے تیار کیے گئے اس مجسمے کی رونمائی کے موقع پر دونوں شہزادے دوستانہ انداز میں بات چیت کرتے نظر آئے۔

خیال رہے کہ 2017 میں جب ولیم اور ہیری نے اپنی والدہ کے مجسمے کی تیاری کا حکم دیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ مجسمہ، محل آنے والوں کو شہزادی ڈیانا کی زندگی کی یاد دلائے گا۔

کنسنگٹن محل نے کہا کہ جب شہزادی ڈیانا وہاں رہائش پذیر تھیں تو سنکن گارڈن ان کی پسندیدہ جگہوں میں سے ایک تھا۔

خیال رہے کہ اس باغ کی ازسرِنو تزئین و آرائش کے لیے 4 ہزار پھول اگائے گئے اور اس کی تیاری میں ایک ہزار گھنٹے لگا۔

سنکن گارڈن جو لندن کے ہائیڈ پارک کے اندر واقع ہے اسے کل (جمعے) سے عوام کے لیے مفت کھولا جائے گا۔

خیال رہے کہ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کرگئی تھیں، اس وقت ان کے بڑے بیٹے، شہزادہ ولیم کی عمر 15 سال جبکہ شہزادہ ہیری کی عمر 12 برس تھی۔

دونوں بھائی، شہزادی ڈیانا کی موت سے پہنچنے والے صدمے پر گفتگو کرچکے ہیں کہ ان کی ذہنی صحت کئی سالوں تک اس حادثے سے متاثر رہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024