• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

ریپ الزام میں قید 'بل کوسبی' جیل سے رہا

شائع July 1, 2021
بل کوسبی کو کافی کمزور دیکھا گیا—فوٹو: اے پی
بل کوسبی کو کافی کمزور دیکھا گیا—فوٹو: اے پی

امریکی عدالت نے 2018 سے خاتون سے ’ریپ‘ کے الزام میں قید ہولی وڈ اداکار و کامیڈین 83 سالہ بل کوسبی کی سزا ختم کردی اور انہیں رہا کردیا۔

بل کوسبی کو امریکا کی ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت نے دسمبر 2018 میں ایک خاتون کے ریپ کے الزامات ثابت ہونے پر تین سے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بل کوسبی پر 2004 میں کینیڈا کی ایک باسکٹ بال کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو نشہ دے کر ‘ریپ‘ کرنے سمیت دیگر 60 خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے جیسے الزامات کا سامنا تھا۔

کامیڈین نے 1960 کی دہائی میں کیریئر کی شروعات کی تھی، انہوں نے 1980 کے بعد ‘دی کوسبی شو’ کے نام سے مقبول ٹاکنگ شو شروع کیا، جس میں کئی خواتین و اداکارائیں شامل ہوئیں۔

بل کوسبی کے خلاف اسی پروگرام میں شامل ہونے والی کئی خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا الزام لگایا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا

کامیڈین کے خلاف سب سے پہلے 5 سال قبل 2015 کو اس مقدمے کا آغاز ہوا، ان کے خلاف متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔

ایک موقع پر عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کی تھی تاہم بعد ازاں 2017 میں حیران کن طور پر انہیں اسی کیس سے جڑے متعدد معاملات میں بری کرکے مقدمے کو بند کردیا گیا تھا۔

بل کوسبی نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا—فوٹو: اے پی
بل کوسبی نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا—فوٹو: اے پی

تاہم 2017 میں شروع ہونے والی می ٹو مہم کے بعد دوبارہ بل کوسبی کے خلاف خواتین سامنے آئیں اور ان کے خلاف دوبارہ ٹرائل کا آغاز ہوا اور عدالت نے انہیں ستمبر 2018 میں مجرم قرار دے کر جیل بھیج دیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے عدالتی فیصلے کے خلاف میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت اور پنسلوانیا کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

ان کی درخواست پر ہی پنسلوانیا کی سپریم کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے انہیں سنائی جانے والی سزا کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے ان کی سزا ختم کی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹر‘ کے مطابق پنسلوانیا کی سپریم کورٹ نے بل کوسبی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے اور طریقہ کار کو غلط قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

اداکار کی قانونی ٹیم نے انہیں جیل سے رہائی کے بعد رہائش منتقل کیا—فوٹو: اے پی
اداکار کی قانونی ٹیم نے انہیں جیل سے رہائی کے بعد رہائش منتقل کیا—فوٹو: اے پی

عدالت نے تقریبا 80 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ 30 جون کو جاری کیا، جس کے فوری بعد بل کوسبی کو جیل سے رہا کیا گیا۔

بل کوسبی کو مقامی وقت کے مطابق شام کو رہا کیا گیا اور رہائی کے فوری بعد وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فلاڈیلفیا میں اپنی رہائش گاہ پہنچے۔

مزید پڑھیں: بل کوسبی نے ریپ الزامات میں سزا کے خلاف درخواست دائر کردی

بل کوسبی نے جیل سے رہائی کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جواب نہیں دیے لیکن انہوں نے سب کا شکریہ ادا کیا۔

اسی حوالے سے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے بتایا کہ عدالت نے بل کوسبی کو سزا سنائے جانے کے ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکار کو سزا دینے کا طریقہ کار غلط تھا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بل کوسبی نے ’ریپ‘ اور ’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات پر ماضی میں پراسیکیوٹرز اور متاثرین سے معاہدے کیے تھے، جن کے تحت ان کے خلاف فوجداری مقدمات نہیں ہوسکتے لیکن اس کے باوجود انہیں سزا دی گئی۔

بل کوسبی کی رہائی کے بعد آندریا کونسٹائڈ نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی رہائی کے بعد دیگر متاثرین خواتین کو انصاف ملنے میں مشکلات ہوں گی۔

اداکار کی رہائی پر آندریا کونسٹائڈ نے افسوس کا اظہار کیا—فائل فوٹو: اے پی
اداکار کی رہائی پر آندریا کونسٹائڈ نے افسوس کا اظہار کیا—فائل فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025