• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

طبیعت ناساز ہونے پر نصیر الدین شاہ ہسپتال منتقل

شائع June 30, 2021
اداکار میں نمونیہ کی تشخیص ہوئی ہے، بھارتی میڈیا—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار میں نمونیہ کی تشخیص ہوئی ہے، بھارتی میڈیا—فائل فوٹو: فیس بک

معروف بولی وڈ اداکار 70 سالہ نصیر الدین شاہ کو طبیعت میں خرابی کے باعث ممبئی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نصیر الدین شاہ کو 29 جون کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

رپورٹ میں اداکار کے منیجر کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ نصیر الدین شاہ میں ’نمونیہ‘ کی تشخیص ہوئی ہے.

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کی چند دن سے طبیعت خراب تھی اور انہیں ایک روز قبل ہی ہسپتال داخل کرایا گیا۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نصیر الدین شاہ کی اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ نے بھی اداکار کو ہسپتال میں داخل کروانے کی تصدیق کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا ہے لیکن ان کی طبیعت بدستور بہتر ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نصیر الدین شاہ کا پہلی بار اہلیہ اور 'لَو جہاد' سے متعلق انکشاف

رتنا پھاٹک شاہ کے مطابق انہیں اُمید ہے کہ ڈاکٹرز انہیں اگلے دو روز میں گھر جانے کی اجازت دے دیں گے، کیوں کہ نصیر الدین شاہ کی طبیعت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق نصیر الدین شاہ کے ہسپتال میں داخل ہونے پر ان کی اہلی اور بچے بھی ان کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں اور اداکار کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس اپریل میں بھی نصیر الدین شاہ کی طبیعت خراب ہونے کی خبریں تھیں مگر ان کے بچوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے والد کی صحت بہتر ہے۔

نصیر الدین شاہ زائد العمری کے باوجود شوبز منصوبوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، جہاں وہ فلموں میں دکھائی دیتے ہیں، وہیں وہ ویب سیریز میں بھی نظر آتے ہیں۔

خیال رہے کہ 70 سالہ نصیر الدین شاہ کے 3 بچے ہیں، انہوں نے 2 شادیاں کیں۔

نصیر الدین شاہ نے پہلی شادی مراد پروین نامی خاتون سے کی جو فوت ہوگئیں، انہوں نے دوسری شادی اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ سے 1982 میں کی اور دونوں متعدد مرتبہ ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں۔

نصیر الدین شاہ اور ان کی اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
نصیر الدین شاہ اور ان کی اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024