وہ منفرد اسمارٹ فون جس کی بیٹری صرف 10 منٹ میں مکمل چارج ہوجاتی ہے
چینی کمپنیاں عرصے سے ایسے بہترین اسمارٹ فونز متعارف کرارہی ہیں جن کی قیمتیں کم ہوتی ہیں جبکہ فیچرز کے لحاظ سے وہ فلیگ شپ ڈیوائسز سے کم نہیں ہوتے۔
اب ایک کمپنی انفینکس نے ایسا کانسیپٹ اسمارٹ فون تیار کیا ہے جس کی بیٹری صرف 10 منٹ میں صفر سے سو فیصد تک چارج ہوسکتی ہے۔
انفینکس کانسیپٹ فون 2021 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 160 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فون میں چند دیگر فیچرز جیسے کلر چینجنگ ٹیکناللوجی بھی موجود ہے جو بیک پینل کی رنگت کو بدلتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فون میں الٹرا فلیش چارج سسٹم 8 سی بیٹری پر مشتمل ہے جو 6 سی بیٹری کے مقابلے میں اندرونی مزاحمت کو 18 فیصد تک کم کرتی ہے۔
خیال رہے کہ سی ریٹ نمبروں سے عندیہ ملتا ہے کہ ایک لیتھیم بیٹری کتنی تیزی سے چارج یا ڈس چارج ہوتی ہے۔
کمپنی نے اس مققصد کے لیے سپر چارج پمپ تیار کیا جو یو ایس بی سی پورٹ سے آنے والے وولٹیج کو اس وولٹی میں بدلتا ہے جو بیٹری میں جاتا ہے۔
یہ پمپ اس عمل کو 98.6 فیصد تک بہتر کرتا ہے جبکہ اس دوران سسٹم کو گرم بھی نہیں ہونے دیتا۔
اس کے لیے فون میں 20 ٹمپریچر سنسرز دیئے گئے ہیں جن کا کام فون کا درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے کم رکھنا ہے۔
اگر درجہ حرارت اس سے زیادہ ہو یا فون کو محسوس ہو کہ توقع سے زیادہ وولٹیج مل رہے ہیں یا کوئی اور مداخلت ہے تو کسی نقصان سے بچانے کے لیے سیکیورٹی حرکت میں آتی ہے۔
اس مقصد کے لیے فون میں 60 سیکیورٹی پروٹیکشن میکنزمز بھی دیئے گئے ہیں۔
یہ کانسیپٹ فون 50 واٹ کی وائرلیس چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جبکہ اس کا چارجر متعدد پروٹوکولز کو سپورٹ کرتا ہے تو اس سے فون کے ساتھ لیپ ٹاپس کو بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔
فون کی چارجنگ کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صفر سے 18 فیصد تک بیٹری ایک منٹ میں چارج ہوجاتی ہے جبکہ 5 منٹ میں 58 فیصد تک چارج ہوتی ہے۔
10 منٹ کے اندر وہ 100 فیصد چارج ہوجاتی ہے جبکہ اس دوران درجہ حرارت 37.3 سینٹی گریڈ ہی رہتا ہے۔