ہنڈائی کی نئی سیڈان گاڑی پاکستان میں متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی
ہنڈائی نشاط موٹرز کی نئی سیڈان گاڑی سوناٹا کو پاکستان میں متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
اس گاڑی کو متعارف کرانے کے حوالے سے کافی عرصے سے رپورٹس سامنے آرہی تھیں اور اب تاریخ رونمائی سامنے آئی ہے۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق ہنڈائی کی یہ نئی گاڑی 5 جولائی کو پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کرائی جارہی ہے۔
یہ پریمیئم گاڑی 2 مختلف ورژنز میں دستیاب ہوگی جس میں سے ایک 2000 سی سی اور دوسری 2500 سی سی۔
ہنڈائی کی جانب سے اس گاڑی کو پاکستان میں ہونڈا اکارڈ اور ٹویوٹا کامرے کے مقابلے پر لایا جارہا ہے اور ان دونوں کے مقابلے میں سستی ہوگی۔
ہنڈائی سوناٹا کی قیمت 80 لاکھ سے 85 لاکھ تک ہوسکتی ہے جبکہ ہونڈا اکارڈ کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ جبکہ ٹویوٹا کامرے کی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہنڈائی نے پاکستان میں اس گاڑی کے یے 456 سی کے ڈی کٹس بھی درآمد کی ہیں۔
2000 سی سی انجن والی گاڑی 152 ہارس پاور اور 185 این ایم ٹورکیو پاور فراہم کرے گی جبکہ 2500 سی سی گاڑی 180 ہارس پاور اور 232 این ایم ٹورکیو کی صلاحیت ہوگی۔
ہنڈائی کی جانب سے ان گاڑیوں میں 6 اسپیڈ آٹومیٹک کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ 4 ڈرائیو موڈز بھی ان کا حصہ ہوں گے۔
سوناٹا میں پینورامک سن روف موجود ہوگا جبکہ ٹیٹرا ایل ای ڈی پراجیکشن ہیڈلیمپس، گریڈینٹ ہیڈن لائٹ ٹیکنالوجی ڈی آر ایلس ایس اور ہورائزنٹل ایل ای ڈی بیک لائٹس جیسے فیچرز موجود ہوں گے۔
دونوں ماڈلز میں 8 وے پاور ڈرائیو سیٹ، 4 وے پاور پسنجر سیٹ اور لیدر سیٹس دی جائیں گی۔
2500 سی سی سوناٹا میں پاور رئیر سن شیڈ کا فیچر بھی موجود ہوگا جبکہ 12.3 انچ کا ہائی ریزولوشن ٹی ایف ٹی ایل سی ڈی کلسٹر ڈسپلے اور 8 انچ کا انفوٹینمنٹ ڈسپپلے بھی دونوں گاڑیوں میں ہوگا۔
اے سی کے حوالے سے ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول اور وائرلیس چارجر جیسی سہولیات بھی دونوں ماڈل کا حصہ ہوں گی جبکہ 2500 سی سی میں ہیڈ اپ ڈسپلے بھی موجود ہوگا۔
مسافروں کے تحفظ کے لیے 2500 سی سی ماڈل میں 6 ایئربیگز دیئے جائیں گے جبکہ 2000 سی سی ماڈل میں صرف 2 ایئر بیگز ہوں گے۔
دونوں گاڑیوں میں الیکٹرونک اسٹیبلٹی کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسسٹ کنٹرول، ٹریکشن کنٹرول سسٹم، پارکنگ سنسرز، کروز کنٹرول اور ڈائنامک گائیڈلائن رئیر کیمرے جیسی خصوصیات بھی موجود ہوں گی۔
خیال رہے کہ ہنڈائی اس سے قبل 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی رہی تھی مگر اس کے مقامی اشتراک دار کمپنی فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے اسمبلنگ بند کردی تھی۔
2017 میں ہنڈائی نے نشاط گروپ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔
2017 میں نشاط گروپ کے چیئرمین میاں منشانے ڈان کو بتایا تھا کہ جنوبی کورین کمپنی چھوٹی گاڑیوں کی اسمبلنگ سے آغاز کرنا چاہتی ہے تاکہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود جاپانی کمپنیوں سے مقابلہ کیا جاسکے۔