• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دو مختلف حملوں میں پاک فوج کے 5 جوان شہید، 5 زخمی

شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت 43 سالہ حوالدار سلیم عمر اور 35 سالہ لانس نائیک پرویز عمر کے نام سے ہوئی۔ - فوٹو:آئی ایس پی آر
شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت 43 سالہ حوالدار سلیم عمر اور 35 سالہ لانس نائیک پرویز عمر کے نام سے ہوئی۔ - فوٹو:آئی ایس پی آر

پاک فوج کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید جبکہ دیگر 5 زخمی ہوگئے ہیں، دہشت گردوں نے ایک حملہ افغانستان سے کیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ پاک ۔ افغان سرحد پر افغانستان سے دہشت گردوں نے پاکستانی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: تربت ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع دتوئی میں سرحدی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت 43 سالہ حوالدار سلیم عمر اور 35 سالہ لانس نائیک پرویز عمر کے نام سے ہوئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقل طور پر افغانستان سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے مؤثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنائے۔

مزید پڑھیں: جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کے 4 جوان شہید

پاک فوج نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان کے قبائلی ضلع تحصیل تیزارہ کے علاقے نیو کلا میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

وانا میں پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے حملے میں راکٹ اور لائٹ مشین گنوں کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ اس طرح کے حملے حال ہی میں تواتر سے ہونے لگے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: افغان سرحد پار سے داغے گئے راکٹوں سے 5 سالہ بچی جاں بحق

گزشتہ ماہ کے اوائل میں بھی اس طرح کا ایک واقعہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیش آیا تھا جہاں پاک ۔ افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی زخمی ہوگیا تھا۔

اس سے چند روز قبل بلوچستان کے علاقے ژوب کے سیکٹر منزاکئی میں گھات لگا کر بیٹھے ہوئے دہشت گردوں نے پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف فرنٹیئر کور (ایف سی) پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

اس حملے کے بعد افغان سفارتخانے سے کہا گیا تھا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں کے منظم گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے اور ان پروٹوکولز پر عملدرآمد کرے جن پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا تھا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے گریز کریں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے باجوڑ میں پاک آرمی کی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا، جبکہ اس سے ایک ماہ قبل بھی اس طرح کا ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک فوجی کی شہادت ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024