اسلام آباد کے اطالوی سفارتخانے سے ایک ہزار 'شینجن ویزا کے اسٹیکرز' غائب
اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم اطالوی سفارتخانے سے ایک ہزار کے قریب 'شینجن ویزا کے اسٹیکرز' غائب ہوگئے۔
ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری پر اطالوی سفیر نے وزارت خارجہ کو خط لکھ کر تحقیقات کے لیے مدد طلب کی۔
اطالوی سفیر نے دفتر خارجہ سے کہا کہ وزارت داخلہ، ایف آئی اے کے ذریعے شینجن ویزا اسٹیکرز کی چوری کی تحقیقات کرائے۔
واضح رہے کہ ’شینجن ایریا‘ میں یورپ کے 26 ممالک شامل ہیں، شینجن ویزا 90 روز کے لیے کاروبار یا سیاحت کی غرض سے ان ممالک میں جانے والوں کو جاری کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: وہ ممالک جہاں جانے کے لیے پاکستانیوں کو ویزے کی ضرورت نہیں
اس حوالے سے بتایا گیا کہ چوری ہونے والے 750 شینجن ویزا اسٹیکرز کی سیریل نمبرز آئی ٹی اے041913251 سے آئی ٹی اے 04191400 تک ہے۔
جبکہ دیگر 250 ویزا سٹیکرز کا سیریل نمبر آئی ٹی اے041915751 سے آئی ٹی اے 041916000 تک ہے۔ خط میں کہا گیا کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ان سیریل نمبرز کے حامل پاسپورٹس پر سفر کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔
چوری کے حوالے سے وزارت خارجہ کو یہ خط اطالوی سفیر نے 14 جون کو لکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 'آپ کو یورپ کا ویزا نہیں مل سکتا'
دوسری جانب وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کو تحقیقات اور فوری کارروائی کے لیے خط لکھا جس پر ایف آئی اے نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتی مشن سے ویزا اسٹیکرز کی چوری کا معاملہ وزارت خارجہ کو بتایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 'اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری طور پر معلومات شیئر کی گئیں'۔