• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں آنے والی رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں

شائع June 27, 2021
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے اچھی خبر موصول ہوئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے اچھی خبر موصول ہوئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) کے ذریعے آنے والا غیر ملکی زرِ مبادلہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی سطح عبور کرگیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے اچھی خبر موصول ہوئی ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے مزید سنگِ میل عبور کرلیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے روز روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقوم ڈیڑھ ارب ڈالر جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں کی جانے والی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقوم ایک ارب ڈالر کی سطح عبور کرگئیں

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ 2 ماہ قبل ایک ارب ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے بعد سے اکاؤنٹس اور ڈپازٹس نئے ریکارڈز قائم کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ اکاؤنٹ 100 سے زائد ممالک کے تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے کھولے گئے ہیں جس سے آر ڈی اے کے پھیلاؤ اور حکومت اور مرکزی بینک کو ملک کے بیرونی اکاؤنٹ کو بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے 10 ستمبر 2020 کو کیا تھا، اسٹیٹ بینک اور وفاقی حکومت کی مشترکہ قدم تھا جس میں پاکستان میں کام کرنے والے تجارتی بینک بھی شامل تھے۔

آر ڈی اے کا بنیادی مقصد ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں ڈپازٹ پر بہت زیادہ منافع کی پیش کش کرکے بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو راغب کرنا ہے۔

آر ڈی اے تارکین وطن پاکستانیوں (این آر پی) کے لیے شروع کیا گیا تھا تاکہ وہ آن لائن ڈیجیٹل پورٹلز کے ذریعے کسی برانچ کا دورہ کیے بغیر پاکستان میں بینک اکاؤنٹ کھول سکیں۔

مزید پڑھیں:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 6 ماہ میں 67 کروڑ ڈالر اکٹھے کیے گئے

این آر پیز اب ڈیجیٹل بینکنگ سہولیات حاصل کرسکتے ہیں جن میں پاکستان میں آن لائن بینکنگ تک رسائی، مقامی فنڈز کی منتقلی، یوٹیلیٹی بلز اور ٹیوشن فیس کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سرکاری بلز، اسٹاک ایکسچینج اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری وغیرہ کا مکمل واپسی کے ساتھ آپشن موجود ہے۔

آر ڈی اے کا آغاز 8 کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر کیا گیا تھا تاہم بعد میں متعدد بینکوں نے اس اقدام میں شمولیت اختیار کی کیونکہ بینکرز کے مطابق یہ سرمایہ کاری کے لیے متنوع مصنوعات اور شعبے پیش کرتا ہے۔

مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے ایک بچت اسکیم، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کا بھی آغاز کیا تھا جو اکثر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ شرح سود کی پیش کش کرتی ہے۔

خریدار 5 سال کے لیے سرمایہ کاری کرے تو ڈالر میں سب سے زیادہ شرح سود 7 فیصد اور مقامی کرنسی میں 11 فیصد حاصل کرسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024