• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:38pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:38pm

بھارتی لڑکی کی جانب سے شادی کیلئے کم عمر امیر لڑکے کی تلاش کا اشتہار وائرل

شائع June 26, 2021
اشتہار دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
اشتہار دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پڑوسی ملک بھارت میں ایک 30 سالہ فیمنسٹ لڑکی کی جانب سے شادی کے لیے خود سے کم عمر مگر پہلے سے ایک ہی بچے کی باپ اور بہت ساری دولت کے مالک کی تلاش کا اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق چند دن قبل ایک بھارتی لڑکی کے بھائی اور ان کی سہیلی نے ان کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر اخبارات میں رشتے کے لیے ایک اشتہار شائع کروایا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ اشتہار مزاحیہ تھا اور مذاق میں ہی دیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک 30 سالہ فیمنسٹ لڑکی کو شادی کے لیے 25 سے 28 سال کے امیر لڑکے کی تلاش ہے۔

مذکورہ اشتہار بھارت کی متعدد چھوٹی اخبارات میں شائع کروایا گیا اور یہ اشتہار انگریزی زبان میں شائع کروایا گیا۔

اشتہار میں بتایا گیا کہ سوشل سیکٹر میں ملازمت کرنے والی 30 سالہ فیمنسٹ لڑکی کو جس کے بال چھوٹے ہیں اور ناک بھی چھیدی ہوئی ہے، اسے شادی کے لیے 25 یا پھر زیادہ سے زیادہ 28 سال کی عمر کے لڑکے کی تلاش ہے۔

اشتہار میں دولہے کی دیگر شرائط میں لکھا گیا تھا کہ اس کے پاس پیسہ ہونا چاہیے، کم از کم 20 ایکڑ رقبے پر فارم ہاؤس ہونا چاہیے اور یہ کہ اسے زیادہ سے زیادہ ایک بیٹا ہے جس کا اچھا کاروبار بھی ہونا چاہیے۔

ساتھ ہی اشتہار میں ایک ای میل ایڈریس دیا گیا تھا کہ جس پر امیدواروں کو رابطہ کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

اشتہار میں زبان اور جملوں کی ترتیب بھی ایسی رکھی گئی تھی، جس سے کئی لوگ سمجھ گئے کہ یہ مذاق میں دیا گیا ہے۔

تاہم مذکورہ اشتہار اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جب کہ ایک کامیڈین اداکارہ نے اسے ٹوئٹ کیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں نے اسے ری ٹوئٹ کرنا شروع کردیا۔

سوشل میڈیا پر مذکورہ اشتہار پر لوگوں نے خوب تبصرے کیے، کسی نے کہا کہ خود تو لڑکی 30 سال کی ہیں مگر انہیں شادی کے لیے 25 سال کا لڑکا چاہیے۔

بعض افراد نے مذکورہ اشتہار کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اچھا مزاحیہ اشتہار ہے اور کچھ نے تو یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ لڑکی کی شرائط پر پورا اترتے ہیں، اس لیے وہ شادی کے لیے تیار ہیں۔

سوشل میڈیا پر جیسے ہی اشتہار وائرل ہوا تو لوگوں نے یہ سوال کرنا بھی شروع کردیے کہ مذکورہ اشتہار دینے والی لڑکی کون ہے؟

تب بی بی سی نے اشتہار دینے والوں کی کھوج لگائی اور انہیں مذکورہ اشتہار شائع کروانے والے بہن و بھائی اور ان کی دوست مل گئے۔

اشتہار شائع کروانے والی لڑکی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان کے بھائی نے ان کی 30 ویں سالگرہ پر مذاق کے طور پر مذکورہ اشتہار شائع کروایا، کیوں کہ بھارت میں عام طور پر جب کسی لڑکی کی عمر 30 سال ہوجاتی ہے تو اس پر شادی کے لیے دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

اشتہار شائع کروانے والی لڑکی کے مطابق اشتہار میں بتائی گئی کچھ باتیں سچ ہیں، جسے ان کے بال چھوٹے ہیں اور ان کی ناک چھیدی ہوئی ہے، وہ 30 سال کی ہیں اور یہ کہ وہ سوشل سیکٹر میں ملازمت بھی کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں ای میل پر کم از کم 5 درجن ای میل موصول ہوئے ہیں، جن میں انہیں جہاں شادی کی پیش کش کی گئی، وہیں ان پر سخت تنقید بھی کی گئی کہ خود زیادہ عمر کی ہیں مگر انہیں لڑکا کم عمر چاہیے۔

مذکورہ لڑکی کے مطابق بعض افراد نے انہیں امیر لڑکے سےشادی کرنے کے بجائے خود پیسے کمانے کے مشورے بھی دیے جب کہ بعض خواتین نے انہیں فیمنسٹ ہونے کی وجہ سے بھی غصے سے بھرپور ای میل کیے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025