• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کا عالمی برادری سے بھارت میں یورینیم کی غیر قانونی فروخت کا نوٹس لینے کا مطالبہ

شائع June 26, 2021
عارف علوی نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنے اہم واقعے کو نظر انداز کرنا قابل افسوس ہے — فوٹو: بشکریہ صدر مملکت ٹوئٹر
عارف علوی نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنے اہم واقعے کو نظر انداز کرنا قابل افسوس ہے — فوٹو: بشکریہ صدر مملکت ٹوئٹر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں بلیک مارکیٹ میں یورینیم کی غیر قانونی فروخت کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

ایوان صدر میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس کے 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے فوجی افسران سے گفتگو میں ڈاکٹر عارف علوی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تابکار مادہ غلط ہاتھوں میں جانا انسانی جانوں اور اقوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے اتنے اہم واقعے کو نظر انداز کرنا قابل افسوس ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں اور 150 ارب ڈالر کے معاشی نقصان کی صورت میں بھاری قیمت بھی ادا کی ہے۔

یہ بی پڑھیں: بھارت میں مزید 6 کلو یورینیم پکڑی گئی، 7 افراد گرفتار

افغانستان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام سے سب سے زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ہوگا۔

صدر کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے حکومت کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکا کو افغانستان کے خلاف اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طویل تنازع سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے، افغانستان میں جنگ نے پاکستان کی معیشت اور سیکیورٹی کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان شروع سے افغان مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کا حامی رہا ہے، جنگ تنازعات کا حل نہیں ہے کیونکہ اس سے انسانی اذیت اور تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے شرکا کو مختلف شعبوں میں پاکستان کو حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا میں مکمل لاک ڈاؤن نہ کرکے ہمدردانہ اور اچھا فیصلہ کیا، اس مشکل وقت میں احساس پروگرام کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد خاندانوں کو غربت اور افلاس سے بچانے کے لیے ہنگامی طور پر نقد امداد فراہم کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا کے خلاف علمائے کرام، میڈیا اور پوری قوم کے تعاون سے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور علاقائی تجارت اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے، پاکستان اپنی خصوصی جیو اقتصادی پوزیشن کو بروئے کار لاکر خطے کا جیو اقتصادی مرکز بننے جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، امریکا کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان، آئی ٹی کے شعبے کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہا ہے اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی تربیت جیسے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس موقع پر شرکا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک افغانستان کے خلاف امریکا کو اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے پاکستان کے دوست ممالک بالخصوص خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شرکا نے پاکستانی حکومت کی سماجی و اقتصادی کامیابیوں بالخصوص کورونا وبا سے نمٹنے کی کامیاب حکمت عملی کو سراہا۔


یہ خبر 26 جون 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024