• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بلوچستان: سبی میں دہشت گردوں کا حملہ، 5 ایف سی اہلکار شہید

شائع June 25, 2021
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے — فائل فوٹو / اے ایف پی
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے — فائل فوٹو / اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق سبی کے علاقے سنگن میں دہشت گردوں نے ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی کو نشانہ بنایا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کا بھی بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ دہشت گردوں کے فرار کا راستہ روکنے اور گرفتاریوں کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

شہدا میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصر عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: دہشت گردوں کے دیسی ساختہ بم حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید

شہید ظفر علی خان، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے، شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیر آباد سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے اور سیکیورٹی فورسز جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

14 جون کو کوئٹہ میں دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بم حملے میں ایف سی کے 4 جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘دہشت گردوں نے مارگیٹ مائنز کی سیکیورٹی پر مامور فرنٹیئر کور کے جوانوں کو مارگیٹ روڈ کوئٹہ میں دیسی ساختہ بم استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا’۔

قبل ازیں 11 جون کو بھی بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایف سی کا ایک اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

ترجمان پاک فوج نے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس کے دوران بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے خلاف تشدد/دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث 2 دہشت گرد ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ / گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے'۔

رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان میں دو الگ الگ حملوں میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024