• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان کو تیل، ایل این جی درآمد کرنے کیلئے ساڑھے 4 ارب ڈالر کی سہولت مل گئی

شائع June 25, 2021
فنانسنگ فریم ورک سمجھوتے کا باضابطہ معاہدہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا — تصویر: اے ایف پی
فنانسنگ فریم ورک سمجھوتے کا باضابطہ معاہدہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا — تصویر: اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان نے خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور مائع قدرتی گیس کی درآمدی لاگت کو پورا کرنے کے لیے جدہ کے اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) سے ساڑھے 4 ارب ڈالر کی ٹریڈ فنانسنگ فیسِلیٹی حاصل کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ فنانسنگ فریم ورک سمجھوتے کا باضابطہ معاہدہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

مذکورہ فنڈز سالانہ تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر کے فنانسنگ پلان کے تحت استعمال کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: توانائی بحران کے باعث حکومت کا نئے ایل این جی ٹرمینل کی طرف جھکاؤ

ٹریڈ فنانسنگ کا یہ سمجھوتہ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے مہمند ڈیم، کوئلے سے چلنے والے چند منصوبوں کے علاوہ کچھ ہائیڈرو پاور منصوبوں کے لیے سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کے ساتھ ہونے والے 53 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے سمجھوتے کے علاوہ ہے۔

آئی ٹی ایف سی کی فنانسنگ کو آئندہ 3 برس کے عرصے میں پاک-عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو)، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی پی ایل) خام تیل، ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی درآمد کرنے کے علاوہ ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر بہتر بنانے اور تیل کا درآمدی بل پورا کرنے کی غرض سے وسائل کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

آئی ٹی ایف سی اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کا ایک رکن ہے جو مشرق وسطیٰ میں مالیاتی اداروں سے فنڈز اکٹھے کر کے رکن ممالک کو ٹریڈ فنانسنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب سے سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے تیل کی سہولت دستیاب ہوگئی، حکومت

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے رواں برس کے لیے سال 2020 میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی ٹریڈ فیسلیٹی پر دستخط کیے تھے لیکن اسے تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں کم طلب اور عربین خام تیل حاصل کرنے میں ریفائنریز کی حدود کے باعث مکمل استعمال نہیں کیا جاسکا تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ فنانسنگ فیسلیٹی کے لیے فنانسنگ کی لاگت موجودہ فیسلیٹی سے کم ہے جس کی وجہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں کووِڈ 19 کی وجہ سے محدود کاروباری سرگرمیوں کے باعث سرپلس لیکویڈیٹی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ دونوں فریقین خام تیل، تیل کی مصنوعات اور ایل این جی کی موجودہ پائپ لائنز کے علاوہ ڈی اے پی فرٹیلائزر کو شامل کر کے زرعی اجناس کو بھی کوَر کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی ٹینڈر ڈیفالٹ پاکستان کے لیے رحمت بن گیا

سال 2018 سے قبل آئی ٹی ایف سی فنانسنگ صرف پاک عرب ریفائنری کے لیے دستیاب تھی جسے 2018 میں پاکستان اسٹیٹ آئل تک کے لیے توسیع دے دی گئی تھی۔

گزشتہ برس پی ایل ایل کو بھی پہلی مرتبہ سمجھوتے میں شامل کیا گیا تھا۔

آئی ٹی ایف سی کا ذاتی تقریباً ایک ارب ڈالر کا محدود پورٹ فولیو ہے اور اس کی ٹریڈ فیسلیٹی حاصل کرنے والوں میں انڈونیشیا، مصر اور بنگلہ دیش بھی شامل ہیں۔

اس سہولت سے تیل اور گیس کے درآمدی بل میں ریلیف اور غیر ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024