• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'وعدوں کی عدم پاسداری' کے باوجود مسلم لیگ (ق) کا پی ٹی آئی پر اعتماد

شائع June 24, 2021
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابی حلقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے متعلق اپنے اہم اتحادی پاکستان مسلم لیگ (ق) کے تحفظات کو دور کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 'وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے حال ہی میں مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کی اور ان کے 5 اراکین قومی اسمبلی کے انتخابی حلقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومتی ظہرانے سے مسلم لیگ (ق) غائب، اتحادی حکومت مشکلات کا شکار

انہوں نے بتایا کہ فی الحال پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارے کوئی مسائل نہیں ہیں اور ہم ان کے ساتھ چلیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگرچہ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ہونے والے تمام 2018 کے وعدوں کی پاسداری نہیں کی پھر بھی پارٹی 2023 تک اس کی حلیف رہی گی اور اس کے بعد کون جانتا ہے کیا ہوگا۔

پی ٹی آئی کے ساتھ معاہدے کے تحت مسلم لیگ (ق) کو مرکز اور پنجاب میں دو دو وزارتیں دی جانی تھیں تاہم پی ٹی آئی تاحال اس معاہدے پر عمل درآمد نہیں کرسکی لیکن مسلم لیگ (ق) کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزارتوں کے لیے تحریک انصاف پر دباؤ ڈالا چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پرویز الٰہی کی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کے ساتھ ملاقاتیں خیر سگالی کا ایک حصہ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اتحادیوں کی شکایات دور کرنے کیلئے رضامند

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے لیکن اس بات پر نہیں کہ دونوں جماعتیں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف متحد ہوجائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اپنے قائدین کی منظوری پر 3 برس میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر اور ایوان کی کارروائی مؤثر انداز میں چلانے کی کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے علاج معالجے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے اور بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے حق میں بات کرنے پر شریف برادران اور چوہدری برادران کے مابین تلخی کم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 'چونکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے اس وقت انہیں مسلم لیگ (ق) کی ضرورت نہیں ہے لیکن کون جانتا ہے کہ کب نئے انتخابات کا اعلان کیا جاتا ہے اور سیاسی کھلاڑیوں اور پارٹیوں کا اتحاد بحال ہوجاتا ہے۔

مزید پڑھیں:مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویزالہٰی کے خلاف نیب کی ایک اور انکوائری بند

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں سے مستقبل کی صف بندی کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پارٹی کی قیادت نے پہلے ہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کے اقدام پر تبادلہ خیال کیا تھا لیکن انہوں نے اس بنیاد پر اس کو مسترد کردیا کہ 2023 کے انتخابات میں زیادہ وقت باقی نہیں ہے اور اس مشق سے جمہوری بالادستی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024