خواتین سے متعلق بیان: صنم سعید کا شیریں مزاری سے وزیراعظم کی 'معاونت’ کا مطالبہ
خواتین کے لباس اور 'ریپ' سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے اور اب اداکارہ صنم سعید نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں اداکارہ صنم سعید نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری سے اس حوالے سے خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سے وزیراعظم عمران خان کی معاونت کرنے اور انہیں پیغام دینے کا کہا ہے۔
مزید پڑھیں: خواتین بہت مختصر لباس پہنیں گی تو اس کا مردوں پر اثر ہوگا، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو میں شامل یہ بیان وائرل ہونے کے 2 روز بعد صنم سعید نے اپنی حالیہ ٹوئٹ میں لکھا کہ شیریں مزاری، برائے مہربانی وزیراعظم کے لیے روزانہ ریپ کا شکار ہونے والے مردوں، خواتین اور بچوں کی ایک فہرست بنائیں اس سے قطع نظر کہ انہوں نے کیسا لباس پہنا تھا تاکہ ایسے اشتعال انگیز اور پریشان کن بیانات دوبارہ کبھی نہ دیے جائیں۔
خیال رہے کہ صنم سعید پہلی پاکستانی اداکارہ نہیں ہے جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر ردعمل دیا ہے۔
درحقیقت ملک بھر سے مختلف افراد نے وزیراعظم اس بیان کی مذمت کی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایچ بی او میکس‘ کو دیے گئے انٹرویو میں صحافی جوناتھن نے وزیراعظم سے ماضی میں ریپ کو فحاشی کے ساتھ منسلک کرنے کے ان کے بیان سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ 'یہ سراسر بکواس ہے میں نے ایسا نہیں کہا، میں نے پردے کے تصور پر بات کی تھی پردے کا تصور یہ ہے کہ معاشرے میں فتنے سے گریز کیا جائے'۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کے لباس سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر معروف مرد شخصیات کی تنقید
وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان ایک مکمل مختلف معاشرہ ہے'اگر آپ معاشرے میں فتنے کو پروان چڑھائیں گے اور ان نوجوانوں کے پاس کہیں اور جانے کا راستہ نہیں ہوگا تو اس کے اثرات مرتب ہوں گے'۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'اگر خواتین بہت مختصر لباس پہنیں گی تو اس کا مردوں پر اثر ہوگا تاوقتیکہ کہ وہ روبوٹ ہوں، میرا مطلب عمومی سمجھ کی بات ہے کہ اگر آپ کا معاشرہ ایسا ہو کہ جہاں لوگوں نے ایسی چیزیں نہ دیکھی ہوں تو اس کا ان پر اثر ہوگا۔