ریپ سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر سابقہ اہلیہ جمائما کا رد عمل
خواتین کے لباس اور 'ریپ' سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے رد عمل دیتے ہوئے اپنی ایک پرانی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی 8 اپریل کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اور دوبارہ سے'۔
اس سے قبل جمائما گولڈ اسمتھ نے رواں برس اپریل میں وزیراعظم کے بیان سے متعلق رد عمل دیا تھا، انہوں نے متعدد ٹوئٹس میں عمران خان کے بیان سے اگرچہ اختلاف نہیں کیا تھا مگر انہوں نے ان کی واضح طور پر حمایت بھی نہیں کی تھی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کے عریانیت اور ریپ کے بیان پر جمائما کا رد عمل
اب اپنے اسی بیان کا ایک حصہ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جمائما گولڈ اسمتھ نے ایچ بی او میکس کو دیے گئے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔
اپنی اس ٹوئٹ میں جمائما گولڈ اسمتھ نے اسلامی ملک سعودی عرب کا ایک واقعہ بیان کیا تھا اور ساتھ ہی واضح کیا تھا کہ مسئلہ خواتین کے لباس کا نہیں ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے واقعہ بیان کیا تھا کہ سعودی عرب میں ایک عمر رسیدہ باپردہ خاتون کو نوجوان مرد حضرات نے ہراساں کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھاکہ ایسے واقعات سے بچنے کا واحد رستہ مرد حضرات کے چہرے ڈھانپنا ہے، انہیں پردہ کروانا ہے۔
اسی ٹوئٹ میں جمائما گولڈ اسمتھ نے واضح کیا تھا کہ مسئلہ یا خرابی خواتین کے لباس میں نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین بہت مختصر لباس پہنیں گی تو اس کا مردوں پر اثر ہوگا، وزیر اعظم
یاد رہے کہ اپریل میں جمائما گولڈ اسمتھ نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ممکنہ طور پر وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو غلط سمجھا گیا یا اس کی وضاحت غلط کی گئی، کیوں کہ وہ جس عمران خان کو جانتی ہیں وہ ایسے نہیں۔
تاہم وزیراعظم عمران خان کے حالیہ بیان پر ردعمل کے بعد اکثر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جمائما گولڈ اسمتھ کی ٹوئٹ پر تبصرے دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ 'برائے مہربانی آپ انٹرویو دوبارہ دیکھیں'۔
عائشہ نامی صارف نے لکھا کہ 'جمائما، آپ مردوں پر شک کرنا بند کریں اور پہلے اَن ایڈیٹڈ انٹرویود دیکھیں'۔
کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ ایسا کرنے سے جمائما کو 'اعزازی بھابھی-شپ' سے ہٹایا جاسکتا ہے۔
ماریانا نامی صارف نے لکھا کہ جمائما چند الفاظ میں پوری بات کہہ دیتی ہیں۔
کچھ صارفین نے لکھا کہ اس ٹوئٹ پر کمنٹس بہت مزاحیہ ہیں۔