• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سونیا حسین نے متھیرا کے لیے نامناسب زبان استعمال کرنے پر وضاحت دے دی

شائع June 23, 2021
دونوں اداکاراؤں نے معاملے پر انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—فائل فوٹوز: انسٹاگرام
دونوں اداکاراؤں نے معاملے پر انسٹاگرام اسٹوریز شیئر کیں—فائل فوٹوز: انسٹاگرام

اداکارہ سونیا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں ماڈل متھیرا کے لیے چند سال قبل استعمال کی گئی مبینہ نامناسب زبان پر وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ متھیرا ان کی بہنوں کی طرح ہیں۔

سونیا حسین نے اپنی اسٹوری میں بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے متھیرا سے فون پر بات کی، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان ایک دوسرے کے لیے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہوگئیں۔

سونیا حسین نے اپنی اسٹوری میں متھیرا کے ڈپریشن میں شکار ہونے پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ماڈل کے ساتھ ہمدردی ہے اور یہ کہ کوئی بھی شخص تن تنہا ذہنی پریشانیوں اور انتشار سے مقابلہ نہیں کر سکتا۔

سونیا حسن نے متھیرا کے لیے نامناسب زبان استعمال کرنے کے واقعے کو مینشن کیے بغیر اس کے تناظر میں لکھا کہ دونوں کے درمیان کم بات چیت ہونے کی وجہ سے چیزیں الجھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے پلاسٹک کہنا بند کریں، متھیرا کا تنقید کرنے والوں کو جواب

اداکارہ نے متھیرا کو اپنی بہن قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی لوگوں کو تنبیہ بھی کی کہ وہ پورے معاملے اور اس کے تناظر کو سمجھے بغیر دوسروں پر انگلی نہ اٹھائیں۔

سونیا حسین نے بتایا کہ انہوں نے متھیرا سے فون پر بات کی—اسکرین شاٹ
سونیا حسین نے بتایا کہ انہوں نے متھیرا سے فون پر بات کی—اسکرین شاٹ

سونیا حسین نے مذکورہ اسٹوری اس وقت شیئر کی جب کہ کچھ ہی گھنٹے قبل متھیرا نے اپنی دو انسٹاگرام اسٹوریز میں انکشاف کیا کہ ماضی میں سونیا حسین ان کے لیے نامناسب زبان استعمال کر چکی ہیں۔

متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ 2018 میں طلاق ہوجانے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھیں اور انہوں نے اپنی جسمانی صحت کا خیال رکھنا بھی چھوڑ دیا تھا۔

ماڈل نے اپنی اسٹوریز میں بتایا کہ اسی عرصے کے دوران انہیں ’انٹرنیشنل پاکستان پرسٹیج ایوارڈز‘ (آئی پی پی اے) میں شرکت کے لیے لندن جانا پڑا تو اس وقت انہوں نے اپنے بال ہلکے کروائے ہوئے تھے اور انہوں نے انڈسٹری کے دوسرے لوگوں کے ساتھ سفر کیا۔

متھیرا نے لکھا کہ ڈپریشن کے باعث ان کے بدلتے جسمانی خدوخال کی وجہ سے انڈسٹری کے بہت سارے افراد نے ان کے لیے نامناسب باتیں کیں اور حیران کن طور پر وہ لوگ بھی ان پر نازیبا تبصرے کرتے رہتے جو انہیں جانتے تک نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: مرد و خواتین میں برابری کی باتیں کرنا بے وقوفی ہے، متھیرا

اسٹوریز میں ہی متھیرا نے دعویٰ کیا کہ ان کے جسمانی خدوخال کی وجہ سے سونیا حسین نے بھی ان کے لیے نامناسب کمنٹس کیے اور انہیں ’مخنث‘ قرار دیا۔

متھیرا نے لکھا کہ سونیا حسین نے انہیں جعلی خاتون قرار دیتے ہوئے ان کے جسمانی خدوخال کی وجہ سے انہیں خواجہ سرا قرار دیا تھا۔

متھیرا نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ماضی میں سونیا حسین ان کے لیے نامناسب زبان استعمال کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ
متھیرا نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ماضی میں سونیا حسین ان کے لیے نامناسب زبان استعمال کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ

متھیرا نے اپنی اسٹوریز میں ان شوبز شخصیات کی تعریف بھی کی، جنہوں نے ڈپریشن کا مقابلہ کرنے کے مشکل وقت میں انہیں سہارا دیا اور انہوں نے اداکار اظفر رحمٰن کا نام مینشن کرتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی۔

انہوں نے اپنی دوسری اسٹوری میں بتایا کہ ماضی میں جو متھیرا تھیں وہ دوسری خاتون تھیں، انہیں اس وقت علم نہیں تھا کہ ڈپریشن اور حالات سے کیسے مقابلہ کرنا ہے اور کیسے اپنا خیال رکھنا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ تاہم اب کی متھیرا دوسری خاتون ہے، حالیہ متھیرا کو معلوم ہے کہ اپنی حفاظت کیسے کرنی ہے اور کس طرح حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکرز اور اداکار مختلف چیزیں ہیں، انہیں ملانے سے نقصان ہو رہا ہے، متھیرا

متھیرا کی مذکورہ اسٹوریز شیئر کیے جانے کے بعد سونیا حسین پر لوگوں نے تنقید کرنا شروع کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متھیرا کو فون کیا اور بعد ازاں اس حوالے سے انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت بھی دی۔

سونیا حسین کی جانب سے فون کیے جانے اور نیک خواہشات کا اظہار کیے جانے کے بعد متھیرا نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں تصدیق کی اور سونیا حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ متھیرا 2004 میں افریقی ملک زمبابوے سے پاکستان آئی تھیں اور انہوں نے ٹی وی میزبانی سے کیریئر کا آغاز کیا اور بولڈ انداز کی وجہ سے کافی مشہور بھی ہوئیں۔

متھیرا نے 2013 میں پنجابی گلوکار فلنٹ جے سے شادی کی تھی لیکن 2018 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی، انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔

متھیرا متعدد انٹرویوز اور سوشل میڈیا پوسٹس میں پہلےبھی کہہ چکی ہیں کہ انہیں نہ صرف ٹی وی شوز بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ان کے جسمانی خدوخال پر نامناسب تبصرے کیے جانے سمیت ان کی کردار کشی کی جاتی رہی۔

متھیرا کے مطابق نہ صرف عام افراد بلکہ شوبز کے لوگ بھی ان کے لیے منفی رائے رکھتے ہیں اور ان پر تنقید کی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024