• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کرشمہ کپور کو شوبز میں 30 سال مکمل

شائع June 22, 2021
اداکارہ کی آخری فلم 2012 میں ریلیز ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کی آخری فلم 2012 میں ریلیز ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

ماضی کی مقبول بولی وڈ سپر ہیروئن 46 سالہ کرشمہ کپور نے شوبز انڈسٹری میں ان کے 30 سال مکمل ہونے پر مداحوں کے ساتھ اپنی پہلی فلم کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

کرشمہ کپور نے 22 جون کو انسٹاگرام پر اپنی پہلی فلم ’پریم قیدی‘ کے ایک منظر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شوبز میں آئے ہوئے 30 سال مکمل ہوگئے۔

کرشمہ کپور کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد اداکار سنجے کپور نے ان کی پوسٹ پر سوالیہ کمنٹ کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ ’کیا سنجے کپور آپ کا ہیرو ہو سکتا تھا؟'

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کرشمہ کپور کی پہلی فلم میں نہ صرف سنجے کپور کو پہلے کاسٹ کیا گیا تھا بلکہ اس میں روینہ ٹنڈن کو بھی کام کی پیش کش کی گئی تھی۔

کرشمہ کپور کی پہلی فلم پریم قیدی 1991 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
کرشمہ کپور کی پہلی فلم پریم قیدی 1991 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اخبار کے مطابق روینہ ٹنڈن نے مذکورہ فلم میں صرف اس لیے کام کرنے سے انکار کردیا تھا، کیوں کہ فلم میں انہیں سوئمنگ سوٹ پہننا تھا اور اس وقت ایسے لباس کو بھی بولڈ سمجھا جاتا تھا۔

روینہ ٹنڈن کے انکار کے بعد کرشمہ کپور کو مذکورہ فلم میں کاسٹ کیا گیا اور اس وقت ان کی عمر محض 17 سال تھی۔

اداکارہ نے اپنی پہلی فلم کی اسی منظر کی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں سوئمنگ سوٹ میں دکھایا گیا تھا۔

کرشمہ کپور کی پہلی فلم ’پریم قیدی‘ 22 جون 1991 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کامیابی کے بعد ان کی دوسری فلم ’پولیس افسر‘ آئی، جس نے بھی کامیابی سمیٹی۔

انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ہی ایک کے بعد ایک کامیاب فلم دی اور ان کا شمار 1990 سے 2005 کی سپر ہیروئنز میں شمار کیا جاتا ہے۔

کرشمہ کپور کو بولڈ اداکاری کی وجہ سے شہرت حاصل رہی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
کرشمہ کپور کو بولڈ اداکاری کی وجہ سے شہرت حاصل رہی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اداکارہ نے اپنے 30 سالہ کیریئر میں 6 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا اور متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے۔

شوبز میں آنے کے ایک سال بعد ہی انہوں نے اجے دیوگن کے ساتھ ایکشن فلم ’جگر‘ میں کام کیا اور اسی دوران دونوں کے درمیان تعلقات بھی استوار ہوئے مگر ان کے تعلقات 1995 کے بعد ختم ہوگئے۔

کرشمہ کپور نے اپنے کیریئر میں اکشے کمار، سنجے دت، اجے دیوگن، انیل کپور، سنی دیول ، گووندا، سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کیا۔

اجے دیوگن سے تعلقات ختم ہونے کے بعد کرشمہ کپور کے تعلقات 2000 میں میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بیٹے اور اس وقت شوبز میں انٹری دینے والے ابھیشیک بچن کے ساتھ ہوئے اور ان کے تعلقات اتنے مضبوط ہوئے کہ بات منگنی تک جا پہنچی مگر پھر ان کے درمیان بھی اختلافات ہوئے۔

کرشمہ کپور نے اپنا کیریئر ختم ہونے سے قبل ہی 2003 میں صنعت کار سنجے کپور سے شادی کی اور پھر کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دور ہوگئیں۔

بدقسمتی سے اپنے کیریئر کی طرح کرشمہ کپور کی ازدواجی زندگی کامیاب نہ ہوسکی اور محض 13 سال میں ہی ان کی طلاق ہوگئی۔

کرشمہ کپور کے ہاں 2005 میں بیٹی سمیرا اور 2010 میں بیٹا کیان پیدا ہوا، جس کے بعد ان کے اور شوہر کے درمیان کشیدگی بڑھتی گئی اور دونوں نے 2013 میں علیحدگی کا اعلان کیا۔

دونوں کے درمیان 3 سال کی قانونی جنگ کے بعد 2016 میں طلاق ہوئی۔

طلاق کے بعد کرشمہ کپور نے شوہر پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شادی کے بعد جہاں ساس ان پر تشدد کرتی تھیں، وہیں ان کے شوہر انہیں اخراجات بھی ادا نہیں کرتے تھے۔

کرشمہ کپور کے مطابق صنعت کار شخص نے ان سے ان کی شہرت کی وجہ سے شادی کی اور ان کا فائدہ اٹھاکر ان کی زندگی برباد کی۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق شوہر سے طلاق کے بعد کرشمہ کپور نے ایک انٹرویو میں حیران کن انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شوہر نے انہیں پیسوں کے عوض بیچا تھا۔

کرشمہ کپور نے 2003 میں صنعت کار سنجے کپور سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
کرشمہ کپور نے 2003 میں صنعت کار سنجے کپور سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

کرشمہ کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر نے ان پر ہنی مون کے وقت دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا اور انکار پر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے کاروباری شوہر نے پیسوں کے عوض اپنے دوستوں سے ان کا سودہ طے کیا تھا۔

طلاق ہوجانے کے بعد کرشمہ کپور اب آزادانہ زندگی گزار رہی ہیں اور اب وہ فلموں میں بھی انتہائی کم دکھائی دیتی ہیں۔

کرشمہ کپور آخری مرتبہ شاہ رخ خان کی 2018 کی فلم ’زیرو‘ میں مختصر طور پر دکھائی دی تھیں، اس سے قبل 2013 کی فلم ’بامبے ٹاکیز‘ میں بھی وہ مختصر کردار میں دکھائی دی تھیں۔

کرشمہ کپور کی بطور اداکارہ آخری فلم ’ڈینجرس عشق‘ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی۔

کرینہ کپور کو 16 سالہ بیٹی اور 11 سالہ بیٹا بھی ہے—فائلف وٹو: انسٹاگرام
کرینہ کپور کو 16 سالہ بیٹی اور 11 سالہ بیٹا بھی ہے—فائلف وٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024