کراچی میں پالتو کتوں کا شہری پر حملہ، اہم شخصیات کا اظہارِ افسوس
کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں دو خونخوار پالتوں کتوں کی جانب سے بزرگ شہری پر حملے کے بعد پولیس نے جہاں کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا، وہیں اہم شخصیات نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق دو خونخوار کتوں نے سینئر وکیل مرزا اختر علی پر چند دن قبل 16 جون کو حملہ کرکے انہیں سخت زخمی کردیا تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب کہ مرزا اختر علی گلی سے گزر رہے تھے تو اچانک گھر کے باہر گلی میں کھڑے کتوں نے ان پر حملہ کردیا۔
مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں کتوں کو بزرگ وکیل پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتوں کو سنبھالنے والے نوکر بھی مرزا اختر علی کو کتوں کے حملے سے نہیں بچا پا رہے تھے۔
مذکورہ واقعے کے بعد زخمی وکیل مرزا اختر علی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی چھوٹی سرجری بھی کی گئی، جب ان کی شکایت پر مقدمہ دائر کرکے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔
ڈان کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کتوں کو سنبھالنے والے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا جب کہ کتوں کے مالک دانیال واقعے کے بعد فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر کتا حملہ کردے تو آپ کو کیا کرنا چاہئے؟
کتوں کے مالک کے والد ہمایوں خان نے قبل از گرفتاری عدالت سے ضمانت حاصل کی جب کہ پولیس نے واقعے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن (کے بی اے) نے کتوں کے حملے میں سینئر وکیل کے زخمی ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کوتے ہوئے پولیس سے کتوں کے مالکان کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
کے بی اے کے مطابق انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ مذکورہ کتوں نے اس سے پہلے بھی کچھ افراد پر حملہ کیا تھا جب کہ کتے ماضی میں بچوں پر حملہ کر چکے ہیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جہاں عام لوگوں نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کتوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، وہیں اہم شخصیات نے بھی اس پر افسوس کا اظہار کیا۔
نامور سماجی رہنما و قانون دان جبران ناصر نے مذکورہ واقعے کے بعد اپنی ٹوئٹ میں کسی کا ذکر کیے بغیر کہا کہ جو لوگ جانوروں کو پالتے ہیں، انہیں سمجھنا چاہیے کہ کسی شے کو نہیں خرید رہے، ایسے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ جانور صرف انسٹاگرام پر تصاویر لگانے کے لیے نہیں ہیں بلکہ وہ ایک مکمل ذمہ داری ہیں۔
مزید پڑھیں: اگر کتا آپ کے پیچھے بھاگنے لگے تو کیا کریں؟
جبران ناصر نے مزید لکھا کہ جانوروں کو پالنے والے افراد کو ان کی ضروریات اور ان کا خیال بھی رکھیں اور غیر تربیت یافتہ عملے کے سہارے انہیں نہ چھوڑیں، اگر ایسا کریں گے تو یقینا کچھ ناگوار واقعات ہوں گے۔
جبران ناصر کے بعد فلم ساز، موسیقار اور نغمہ نگار رؤف وجاہت نے بھی کتوں کی جانب سے سینئر وکیل پر حملے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔
رؤف وجاہت نے کتوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے شخص کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور ساتھ ہی کتوں کے مالکان کے لیے لکھا کہ وہ اپنے جانوروں کی حفاظت کریں۔
رؤف وجاہت نے مذکورہ واقعے کی ایک تصویر بھی شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ جانوروں سے پیار کرنے والے شخص ہیں لیکن ساتھ ہی وہ انسانوں سے بھی محبت کرنے والے لوگ ہیں۔