• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

یونائیٹڈ 149 رنز پر ڈھیر، ملتان سلطانز کی پہلی مرتبہ پی ایس ایل فائنل میں رسائی

شائع June 21, 2021
سہیل تنویر نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں کولن منرو کی اہم وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: پی ایس ایل
سہیل تنویر نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں کولن منرو کی اہم وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: پی ایس ایل
صہیب مقصود نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل
صہیب مقصود نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے کوالیفائر میں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آطباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ملتان سلطانز سے تھا اور سلطانز نے ٹاس ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں عاکف جاوید کی گیند پر کپتان محمد رضوان آؤٹ قرار دیے گئے۔

شان مسعود کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے جنہوں نے آتے ہیں جارحانہ انداز اپنایا اور اوپننگ بلے باز کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طول پکڑتی، شاداب خان نے 25 رنز بنانے والے شان مسعود کا کام تمام کردیا اور پھر ایک گیند بعد آؤٹ آف فارم رائلی روسو کو بھی چلتا کردیا۔

جانسن چارلس اور صیہب مقصود نے مشکل مرحلے پر 63 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی کی راہ ہموار کی، ویسٹ انڈین بلے باز 41 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی لیکن فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

صہیب کے آؤٹ ہونے کے بعد سلطانز کی بڑے مجموعے تک رسائی کی امیدیں دم توڑتی نظر آ رہی تھیں لیکن خوشدل شاہ نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگا کر یونائیٹڈ کے اوسان خطا کردیے ۔

انہوں نے میچ کے 19ویں اوور میں عاکف جاوید کو لگاتار 4 چھکے لگائے اور ایک اوور میں 29 رنز بنائے اور یہی اوور آخر میں جا کر میچ میں اصل فرق ثابت ہوا۔

اننگز کے آخری اوور میں محمد وسیم نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 چھ رنز دیے اور ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، خوشدل 42 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں سہیل تنویر نے کولن منرو کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔

محمد اخلاق نے دو چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنائے لیکن عمران خان کی براہ راست تھرو نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ کپتان شاداب خان کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر افتخار احمد اور عثمان نے اسکور کو 54 تک پہنچایا لیکن بلیسنگ مزربانی کی ایک اٹھتی ہوئی گیند کو افتخار سمجھ نہ سکے اور 16 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

یونائیٹڈ ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں عمران طاہر کی ایک گیند پر غیرذمے دارانہ شاٹ کے نتیجے میں آصف علی اسٹمپ ہو گئے اور یونائیٹڈ 61 رنز پر پانچویں وکٹ گنوا بیٹھی۔

عثمان خواجہ نے نئے بلے باز حسین طلعت کے ساتھ مل کر 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی اور ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔

بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلین بلے باز نے 40 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کوئی مدد نہ مل سکی اور سہیل تنویر نے اپنے اسپیل کے آخری اوور میں ان کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔

حسن علی نے عمران طاہر کو چھکا لگایا اور دوبارہ اسی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔

بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے دباؤ کو یونائیٹڈ کے ٹیل اینڈرز جھیل نہ سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے جس کے نتیجے میں پوری ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان سلطانز نے میچ میں 31 رنز سے کامیابی حاصل کر کے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں لے کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی اہم وکٹیں لینے والے سہیل تنویر کو بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

آج کے میچ میں شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس فائنل میں رسائی کا ایک موقع موجود ہے اور آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کے فاتح کا مقابلہ کل یونائیٹڈ سے ہو گا اور اس میچ میں فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف، عاکف جاوید۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان۔

تبصرے (0) بند ہیں

نعمان شمسی Jun 21, 2021 06:33pm
کراچی کنگز نہیں جناب

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024