• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 2021 کے آخری راؤنڈ میچ میں سلطانز کو شکست، یونائیٹڈ کامیاب

شائع June 20, 2021
ملتان سلطان نے راؤنڈ مرحلے کے 10 میں سے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی— فوٹو: پی ایس ایل
ملتان سلطان نے راؤنڈ مرحلے کے 10 میں سے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور 8 میچز میں فتح کے ساتھ راؤنڈ مرحلے کا اختتام کیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم کو 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا خصوصاً شان بھرپور فارم میں نطر آئے اور 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

اس شراکت کا خاتمہ شان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جو افتخار کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور فواد احمد نے ایک ہی اوور میں محمد رضوان اور صہیب مقصود کا کام تمام کردیا۔

رائلی روسو کی ناکامیوں کا سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ صرف دو رنز بنانے کے بعد شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس مرحلے پر جانسن چارلس کا ساتھ دینے حماد اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 27 رنز جوڑے لیکن 137 کے اسکور پر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

یونائیٹڈ کو سلطانز کے ٹیل اینڈرز کو چلتا کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ فواد احمد اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اوپنرز نے اسلام آباد کو 39 رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی راہ ہموار کی، جس کے بعد محمد اخلاق کی 26 رنز کی برق رفتار اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگ گیا۔

عمر امین ملنے والے موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور محمد رضوان کے بہترین کیچ کے نتیجے میں صرف 13 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے حسین طلعت آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 92 تک پہنچا دیا، شاداب 35 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

آصف علی نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور حسین طلعت کے ساتھ مل کر 41 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا، انہوں نے 25 رنز بنائے جبکہ برینڈن کنگ پانچ رنز بنا سکے۔

اننگز کے آخری اوور میں حسین طلعت کی 34 رنز کی اننگز بھی تمام ہوئی لیکن یونائیٹڈ نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے دو گیندوں قبل میچ میں فتح حاصل کر لی۔

محمد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے راؤنڈ میچز کا اختتام ہو گیا ہے اور ایونٹ میں یونائیٹڈ 8 فتوحات کے ساتھ 16 پوائنٹس لے کر سرفہرست جبکہ سلطانز دوسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی تھیں اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔

ملتان سلطانز نے بھی اپنی ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے باؤلرز کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، عمر امین، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، علی خان اور فواد احمد۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، حماد اعظم، عثمان قادر، سہیل خان، بلیسنگ مزربانی، محمد عمر اور شاہنواز دھانی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024