• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وکٹوریا سیکریٹ نے پریانکا سمیت 6 ماڈلز کی خدمات حاصل کرلیں

شائع June 19, 2021
پریانکا چوپڑا برانڈ کی سفیر بن گئیں—فائل فوٹو: اے پی
پریانکا چوپڑا برانڈ کی سفیر بن گئیں—فائل فوٹو: اے پی

خواتین کے نفیس اور مہنگے ترین انڈرگارمنٹس (زیر جامہ) تیار کرنے والے شہرہ آفاق امریکی برانڈ ’وکٹوریا سیکریٹ‘ نے اپنا نام بہتر بنانے کے لیے پہلی بار منفرد نسلوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والی ماڈلز و اداکاراؤں کی خدمات حاصل کرلیں۔

وکٹوریا سیکریٹ عام طور پر اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے گوری رنگت کی حامل دبلی پتلی ماڈلز کی خدمات حاصل کرتا آیا ہے اور اسی وجہ سے برانڈ کو گزشتہ چند سال سے سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

وکٹوریا سیکریٹ اپنی زیر جامہ مصنوعات کی تشہیر کے لیے ایک جیسی ماڈلز کی خدمات حاصل کرنے پر تنقید بنائے جانے کے بعد تین سال قبل اپنی پالیسی تبدیل کرنا شروع کی تھی۔

وکٹوریا سیکریٹ نے پہلی بار 2018 میں فربہ ماڈلز جب کہ 2019 میں مخنث ماڈلز کو بھی تشہیری مہم کا حصہ بنایا تھا۔

تاہم اب برانڈ نے پہلی بار اپنی نئی مصنوعات کے لیے بیک وقت 6 مختلف نسلوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والی ماڈلز، رہنماؤں اور اداکاراؤں کی تشہیری مہم کے کے لیے خدمات حاصل کی ہیں، تاکہ کمپنی کے نام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

وکٹوریا سیکریٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹس پر تصدیق کی کہ نئی مصنوعات ’وی ایس کلیکٹو‘ کے لیے بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور سوڈانی نژاد ماڈل سمیت 6 خطوں اور مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والی ماڈلز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

کمپنی کے مطابق نئی کلیکشن کے لیے پریانکا چوپڑا سمیت سوڈانی نژاد آسٹریلوی مہاجر ماڈل Adut Akech، امریکی فٹ بال کھلاڑی میگھن روپیناو، چینی نژاد امریکی اسکیٹر و ماڈل ایلین گو، برازیل کی مخںث ماڈل ویلنٹینا سامپیو، برطانوی نژاد سوئس فربہ ماڈل پالوما السیسر اور امریکی فوٹوگرافر امانڈا ڈی کیڈنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وکٹوریا سیکریٹ نے پہلی بار مخنث ماڈل کی خدمات حاصل کرلیں

مذکورہ تمام خواتین کو کمپنی اپنی نئی زیر جامہ تشہیری مہم کا حصہ بنائے گی، تاہم ابھی تک کمپنی نے واضح نہیں کیا کہ نئی تشہیری مہم میں مذکورہ خواتین کس طرح کردار ادا کریں گی۔

وکٹوریا سیکریٹ عام طور پر زیر جامہ اور مختصر لباس متعارف کراتا ہے اور کمپنی اپنی مصنوعات کی تہشیر کے لیے مختلف ممالک میں فیشن ویکز کا اہتمام بھی کرتی ہے، تاہم فیشن ویکز میں برانڈ ایمبیسڈر سمیت دیگر ماڈلز بھی واک کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

مزید پڑھین: ’وکٹوریا سیکریٹ‘ کے چیف پر ماڈلز کے جنسی استحصال کے الزامات

خیال کیا جا رہا ہے کہ وکٹوریا سیکریٹ کی نئی ملبوسات کے فیشن ویکز میں مذکورہ 6 برانڈ ایمبیسڈرز کے علاوہ دیگر معروف ماڈلز بھی واک کرتی دکھائی دیں گی۔

کمپنی کے مطابق نئی مصنوعات کی تشہیر اور برانڈ ایمبیسڈرز سے متعلق مزید معلومات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024