اداکارہ نمرہ خان نے نواز شریف کو پسندیدہ سیاستدان قرار دے دیا
پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ نمرہ خان نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد، نواز شریف کو پسندیدہ سیاستدان قرار دے دیا۔
اداکارہ نمرہ خان حال ہی میں نجی چینل جیو نیوز کے شو 'جشن کرکٹ' میں بطورِ مہمان شریک ہوئی تھیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر موضوعات پر بھی بات چیت کی۔
شو کے دوران میزبان نے نمرہ خان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور وزیراعظم عمران خان کا نام لے کر پوچھا کہ انہیں ان میں سے کون سا سیاستدان پسند ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن، اداکارہ نمرہ خان نے شادی کرلی
جس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نمرہ خان نے نواز شریف کو آصف زرداری اور عمران خان کے مقابلے میں پسندیدہ سیاستدان قرار دیا۔
انہوں نے نواز شریف کو پسندیدہ سیاستدان قرار دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور بہت خوبصورت ہے۔
اسی شو کے ایک اور سیگمنٹ میں میزبان کی جانب سے نمرہ خان کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان تصویر دکھائی۔
جس پر نمرہ خان نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان مجھے رشتے کرانے والی آنٹی لگتی ہیں۔
بعدازاں میزبان کے ایک اور سوال کے جواب میں نمرہ خان نے کہا کہ'مجھے یہ چہرے سے بہت تیز لگتی ہیں اور حال ہی میں ان کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس کے بعد تو میں ان کے بارے میں کچھ بول بھی نہیں سکتی'۔
پروگرام میں نمرہ خان نے اپنے کیریئر سے متعلق بھی بات جیت کی اور بتایا کہ ان کی پہلی جاب نیوز ایڈیٹر کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین کی خواہش تھی کہ وہ کسی بھی طرح میڈیا جوائن کرلیں اور انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن کی تعلیم بھی حاصل کی تھی تو ملازمت قبول کرلی۔
نمرہ خان نے مزید کہا کہ ان کے والدین نے زبردستی اداکاری میں بھیجا، وہ چاہتے تھے کہ میرا نام ہو کیوں کہ انہیں مجھ میں ایک چمک نظر آتی تھی لی
انہوں نے اپنے ڈراما کیریئر سے متعلق کہا کہ پہلے ڈرامے میں سین ریکارڈنگ پر 40 ٹیک تھے لیکن جب کامیابی ملی تو پھر انہوں نے ڈراما انڈسٹری میں کیرئیر بنانے کا فیصلہ کیا۔
فلموں میں کام کرنے سے متعلق سوال پر نمرہ خان نے کہا کہ 'میرے کچھ اصول ہیں، میں بولڈ سینز نہیں کرسکتی بغیر آستینوں والے کپڑے نہیں پہن سکتی اس لیے میں نے فلموں میں کام کرنے کی ہامی نہیں بھری'۔