• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل 2021: قلندرز 89 رنز پر ڈھیر، سلطانز کی لگاتار چوتھی کامیابی

شائع June 19, 2021
رائلی روسو اور شان مسعود نے چوتھی وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: پی ایس ایل
رائلی روسو اور شان مسعود نے چوتھی وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سلطانز نے 80 رنز سے فتح حاصل کر کے پلے آف تک رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے 28ویں میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے گزشتہ میچ کے ہیرو شان مسعود کو گولڈن ڈک پر رخصت کردیا۔

اس موقع پر کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے اسکور 45 رنز تک پہنچا دیا لیکن وکٹ کیپر بلے باز اس میچ میں بھی کچھ بجھے بجھے نظر آئے اور پانچویں اوور کی آخری گیند پر حارث رؤف کی وکٹ بن گئے۔

ویسٹ انڈین بلے باز جانسن چارلس نے 10 رنز کی اننگز کھیلی لیکن راشد خان کے آگے ان کی ایک نہ چلی اور وہ وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔

60 رنز پر تین اہم وکٹیں گرنے کے بعد صہیب مقصود کا ساتھ دینے رائلی روسو آئے اور دونوں نے 63 رنز کی شراکت قائم کی، روسو 5 چوکوں سے مزین 29رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

صہیب مقصود نے نصف سنچری اسکور کی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سلطانز بڑے مجموعے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن اس مرحلے پر شاہین شاہ آفریدی اور جیمز فالکنر کے عمدہ اسپیل نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

صہیب مقصود 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسکور 141 تک پہنچتے پہنچتے سلطانز مزید تین وکٹیں گنوا چکے تھے۔

اس موقع پر ٹیم کا 150 رنز کرنا بھی محال نظر آتا تھا البتہ خطرناک عزائم کے ساتھ میدان میں اترنے والے سہیل تنویر نے ایک ہی اوور میں اسکور کارڈ کو بدل کر رکھ دیا۔

سہیل تنویر نے حارث رؤف کی جانب سے کرائے گئے اننگز کے آخری اوور میں 24 رنز بنائے جس کی بدولت سلطانز 169 رنز کا مجموعہ تشکیل دینے میں کامیاب رہے، سہیل تنویر نے 29رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین اور جیمز فالکنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

قلندرز نے ہدف کے تعاقب میں اس مرتبہ فخر زمان کے ساتھ بین ڈنک کو اننگز کا آغاز کرنے کے لیے بھیجا لیکن یہ تجربہ ناکام رہا اور ڈنک صرف 5 رنز بنا کر چلتے بنے۔

فخر زمان اور محمد حفیظ نے اسکور 24 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر بائیں ہاتھ کے بلے باز شاہنواز دھانی کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ مجموعی اسکور میں 10 رنز کے اضافے سے حفیظ بھی پویلین لوٹ گئے۔

آغا سلمان اور کپتان سہیل اختر بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور بالترتیب 13 اور 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

گزشتہ کئی میچوں سے قلندرز کی لاج رکھنے والی ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر پر مشتمل غیر ملکی جوڑی نے 31 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، عمران خان نے ٹم ڈیوڈ کی وکٹیں بکھیر کر فتح کی راہ ہموار کردی جبکہ دھانی نے 22 رنز بنانے والے فالکنر کو چلتا کر کے قلندرز کو ایک بڑی شکست کے دہانے پر پہنچا دیا۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 16ویں اوور کی پہلی گیند پر 89 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ملتان سلطانز نے 80 کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کر کے پلے آف تک رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔

ملتان سلطان کے شاہنواز دھانی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 5 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے جبکہ عمران خان نے تین اور بلیسنگ مزربانی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑی تھیں۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمزفالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران خان اور عمران طاہر۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024