• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بولی وڈ اداکارہ نینا گپتا کی سوانح عمری نے تہلکہ مچا دیا

شائع June 18, 2021
نینا گپتا نے زائد العمری میں 2008 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نینا گپتا نے زائد العمری میں 2008 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اور بولی وڈ کی سینئر اداکارہ 62 سالہ نینا گپتا نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری ’سچ کہوں تو‘ میں کئی انکشافات کرکے سب کو حیران کردیا۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق نینا گپتا نے حال ہی میں اپنی سوانح عمری کو فروخت کے لیے پیش کیا اور اس موقع پر انہوں نے کرینہ کپور کے ساتھ ایک آن لائن پروگرام میں بھی شرکت کی۔

’سچ کہوں تو‘ کے عنوان سے تحریر کردہ کتاب میں نینا گپتا نے کھل کر اپنی زندگی پر بات کی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح ان کے ہاں شادی کے بغیر بیٹی کی پیدائش ہوئی اور کیسے شادی کے بندھن میں بندھنے سے کچھ منٹ قبل ہی ان کے دلہے نے ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اپنی سوانح عمری میں نینا گپتا میں 1980 کے بعد کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک مرتبہ ممبئی میں انہیں فلم پروڈیوسر نے رات کو کام کے سلسلے میں بلایا اور ان سے نامناسب انداز میں باتیں کرنے لگے۔

نینا گپتا نے کتاب میں مذکورہ پروڈیوسر کا نام لکھے بغیر بتایا کہ فلم ساز نے ایک گھنٹے تک انہیں باتوں سے متاثر کرنے کی کوشش کی مگر جب اداکارہ نے ان سے پوچھا کہ سر ان باتوں کا کیا مقصد ہے اور فلم میں ان کا کردار کیا ہوگا؟

اداکارہ نے لکھا کہ ان کی جانب سے سوال کرنے پر پروڈیوسر برہم ہوگئے، جس پر اداکارہ نے ان کے گھر سے نکلنا چاہا تو فلم ساز نے ان سے دریافت کیا کہ کیا وہ ان کے ساتھ رات نہیں گزاریں گی؟

نینا گپتا نے لکھا ہے کہ وہ پروڈیوسر کی بات سن کر حیران رہ گئیں۔

اپنی کتاب میں انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کی شادی طے تھی اور سب کچھ منصوبے کے مطابق ہو رہا تھا مگر نہ جانے کیوں اس شخص نے آخری منٹس میں ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا؟

نینا گپتا نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ان سے شادی نہ کرنے والا شخص اب دادا بن چکے ہیں اور ان کی زندگی خوشی سے گزر رہی ہے۔

نینا گپتا کی کتاب کے حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ نے ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ووین رچرڈز سے جسمانی تعلقات اور ان کی بیٹی کو پیدا کرنے سے متعلق بھی کھل کر بات کی ہے۔

نینا گپتا نے لکھا ہے کہ جب وہ ووین رچرڈز سے جسمانی تعلقات کی وجہ سے امید سے ہوگئی تھیں تو ان کے قریبی دوست اداکار ستیش کوشک نے انہیں شادی کی پیش کش کی تھی۔

اداکارہ نے لکھا کہ جب وہ امید سے تھیں تو ان کے دوست ستیش کوشک ان کی مدد کو پہنچے اور انہیں شادی کی پیش کی مگر انہوں نے ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔

اپنی کتاب میں نینا گپتا نے لکھا کہ بعد ازاں انہوں نے ووین رچرڈز کی بیٹی مسابہ کو جنم دیا اور ان کی تنہا پرورش کی اور اس دوران انہیں معاشرے کی نفرت کو بھی جھیلنا پڑا۔

اداکارہ نے لکھا کہ جب ان کی بیٹی 19 سال کی ہوئیں تب انہوں نے 2008 میں اپنے ایک اور دیرینہ دوست وویک مہرا سے شادی کی۔

خیال رہے کہ نینا گپتا نے 1980 سے قبل اداکاری شروع کی تھی اور کیریئر کے آغاز میں ہی ان کے تعلقات مایہ ناز ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ووین رچرڈز سے ہوگئے تھے لیکن ان کی شادی نہیں ہو سکی تھی۔

نینا گپتا نے ووین رچرڈز کی بیٹی کو مسابہ کو جنم دیا تھا اور اب وہ ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں، ان کی بیٹی کا شمار بھارت کی معروف فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے۔

نینا گپتا نے 6 درجن سے زائد بولی وڈ فلموں اور متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ بعض ہولی وڈ فلموں میں بھی دکھائی دیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024