پی ایس ایل 2021: قلندرز کو شکست، سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کامیاب
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو باؤلنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 21 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ شرجیل 13 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔
اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے مارٹن گپٹل آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔
اس شراکت کے دوران بابر کئی مرتبہ خوش قسمت ثابت ہوئے اور قلندرز کے فیلڈر ان کے متعدد کیچز لینے میں ناکام رہے۔
مارٹن گپٹل 43 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ نجیب اللہ زدران پہلی گیند پر حفیظ کی وکٹ بن گئے۔
اسکور 127 تک پہنچا تو راشد خان نے اپنے ایک ہی اوور میں چیڈوک والٹن اور 54 رنز بنانے والے بابر اعظم کی قیمتی وکٹیں حاصل کر لیں۔
اختتامی اوورز میں کنگز کے کپتان عماد وسیم کے 18 گیندوں پر 29 رنز اور دانش عزیز کے ساتھ 44 رنز کی شراکت کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
قلندرز کی جانب سے راشد دو وکٹیں لے سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین، احمد دانیال اور حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے اوپنرز نے 38 رنز کا معقول آغاز فراہم کیا جس کے بعد کپتان سہیل اختر کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
فخر زمان مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے اور دو چھکے لگانے کے باوجود 26 گیندوں پر صرف 19 رنز بنا سکے جبکہ آغا سلمان رن آؤٹ ہو کر پویلین پہنچے۔
درمیانی اوورز میں نور احمد سمیت اسپنرز نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے قلندرز کو رنز بنانے میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران بین ڈنک بھی پویلین لوٹ گئے۔
اسکور 92 تک پہنچا تو تجربہ کار محمد حفیظ بھی 36 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنانے کے بعد نور احمد کا شکار بن گئے۔
اس موقع پر قلندرز کو اگلے چھ اوورز میں فتح کے لیے مزید 84 رنز درکار تھے اور ان کی فتح صاف نطر آتی تھی لیکن ٹم ڈیوڈ اور فالکنر کی جوڑی نے ایک مرتبہ پھر کھیل کا منظر بدل دیا۔
دونوں نے اگلے چار اوورز میں 58 رنز کی شراکت قائم کی اور قلندرز کو میچ میں واپس لے آئے لیکن 150 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ 34 رنز بنا کر عباس آفریدی کی وکٹ بن گئے۔
جیمز فالکنر نے ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کی لیکن اننگز کے آخری اوور میں وہ بھی 33 رنز بنانے کے بعد ہمت چھوڑ بیٹھے۔
قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور کراچی کنگز نے 7 رنز سے فتح اپنے نام کر کے قیمتی دو پوائنٹس حاصل کر لیے۔
کراچی کنگز کی جانب سے مین آف دی میچ نور احمد نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں جبکہ الیاس بھی دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
کراچی کنگز: عماد وسیم (کپتان)، شرجیل خان، بابراعظم، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، عباس آفریدی، دانش عزیز، محمد عامر، محمد الیاس۔
لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمزفالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔