• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بیماری کے باوجود فرائض کی انجام دہی پر عمران عباس، ڈاکٹر یاسمین کے معترف

شائع June 17, 2021
ڈاکٹر یاسمین راشد میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ڈاکٹر یاسمین راشد میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

عموماً جب بھی سیاستدان اور حکومتی عہدیدار کچھ غلط کرتے ہیں تو انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن چند افراد ہی انہیں اچھا کام کرنے پر سراہتے ہیں۔

اداکار عمران عباس بھی ان چند لوگوں میں سے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد، کینسر کے مرض کا مقابلہ کرنے کے باوجود ان دنوں صوبہ پنجاب میں کورونا ویکسینیشن پروگرام کی سربراہی کررہی ہیں۔

اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ' پاکستانی شہری 70 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی کوششوں کو سراہتے ہیں جو کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے ہمارے لیے دن رات کام کررہی ہیں'۔

ڈاکٹر یاسمین راشد میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا علاج جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے بال، اپنی صحت کھو چکی ہے اور وہ اپنی توانائیاں کھو رہی ہے لیکن پھر بھی انہوں نے پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنے کا اپنا شوق ختم نہیں کیا۔

عمران عباس نے ان کی جلد صحتیابی کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد ایک لمبی اور تندرست زندگی گزاریں گی۔

خیال رہے کہ پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد میں گزشتہ برس کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ برس دسمبر میں ان کا بریسٹ کینسر کا آپریشن ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میری 12 کیموتھراپیز ہونا تھیں جن میں سے 11 مکمل ہو چکی ہیں'۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا تھا کہ ان ک بیماری کی تشخیص بہت جلد ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ان کا کامیاب آپریشن بھی ہوا اور اب ان کی صحت تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024