نوکیا کے سستے ترین 4 جی فونز متعارف
ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا کے سستے ترین 4 جی فونز متعارف کرادیئے ہیں۔
نوکیا 110 فور جی اور نوکیا 105 فور جی سادہ فیچر فونز ہیں جو ایل ٹی ای کنکٹویٹی سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔
اس سے ایل ٹی ای پر ایچ ڈی وائس کالز کرنا ممکن ہے جو کہ 2 جی آڈیو کوالٹی سے بہت زیادہ بہتر ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ فونز آنے والے برسوں بھی کام کرتے رہیں گے جو نوکیا 110 اور 105 کے 201 کے ماڈلز کے بارے میں نہیں کہا جاسکتا، جو 2 جی سپورٹ فراہم کرتے تھے۔
ان کے اپ ڈیٹ ماڈلز میں سنگل اور ڈوئل سم ورژنز صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے اور مختلف خطوں میں متعدد 4 جی بینڈز سپورٹ فراہم کریں گے۔
یہ دونوں فونز زیادہ بڑے نہیں مگر کالز اور میوزک پلے بیک کے لیے کافی ہیں۔
نوکیا 110 فور جی میں اب کیمرے کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے تاہم اس کا ریزولوشن نہیں بتایا گیا تاہم بہت زیادہ طاقتور نہیں ہوگا جبکہ 3.5 ایم ایم ہیڈفون جیک ڈیوائس کا حصہ ہے۔
دونوں فونز میں 1.8 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے اور معمر افراد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان میں آئیکون بڑے رکھے گئے ہیں۔
انٹرٹینمنٹ کے لیے فونز میں ایم پی تھری پلے بیک اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود ہے جس میں 32 جی بی تک کا کارڈ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فونز میں ایف ایم ریڈیو کا آپشن بھی ہے جو ہیڈفون کے بغیر کام کرتا ہے جبکہ فون کے اوپر ایک ایل ای ڈی فلیش لائٹ بھی دی گئی ہے۔
دونوں میں 1020 ایم اے ایچ بیٹریاں دی گئی ہیں جو کمپنی کے مطابق ایک چارج پر متعدد دن تک اسٹینڈبائی رہ سکتی ہیں جبکہ 5 گھنٹے لگاتار وائس کالز کی جاسکتی ہیں۔
چارجنگ کے لیے مائیکرو ایس بی کیبل کا استمال کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال صارفین کے لیے فونز کی دستیابی یا قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا مگر نوکیا 110 (2019) 20 ڈالرز (3 ہزار 1 سو روپے سے زیادہ) جبکہ 105 کی قیمت 15 ڈالرز (2 ہزار 2 سو روپے سے زیادہ) تھی، تو نئے فونز کی قیمتیں بھی اتنی ہی ہوسکتی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں