• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

روحیل حیات کے بعد زلفی کوک اسٹوڈیو کا حصہ بن گئے

شائع June 15, 2021
زلفی پہلےبھی کوک اسٹوڈیو کےساتھ کام کرچکے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
زلفی پہلےبھی کوک اسٹوڈیو کےساتھ کام کرچکے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

کوک اسٹوڈیو نے تصدیق کی ہے کہ ان کے اگلے سیزن کو موسیقار اور گلوکار ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی پروڈیوس کریں گے۔

یہ پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ 2021 کے کوک اسٹوڈیو کے سیزن کو زلفی ہی پروڈیوس کریں گے لیکن اب اسٹوڈیو نے اس کی تصدیق بھی کردی۔

اگرچہ زلفی کوک اسٹوڈیو کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کر چکے ہیں اور وہ ان کے گانے بھی پروڈیوس کر چکے ہیں لیکن اب پہلا موقع ہوگا کہ وہ مکمل طور پر سیزن کو پروڈیوس کریں گے۔

کوک اسٹوڈیو نے 14 جون کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں موسیقار زلفی کو مینشن کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ ’شروع کریں‘ جس پر گلوکار نے دل کے ایموجی سے اسٹوڈیو کو جواب دیا۔

اگرچہ کوک اسٹوڈیو نے زلفی کے پروڈیوسر ہونے کی تصدیق کردی لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ وہ تنہا ہی سیزن کو پروڈیوس کریں گے یا ان کے ساتھ کسی دوسرے موسیقار کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: روحیل حیات نے ایک مرتبہ پھر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کرلی

کوک اسٹوڈیو نے یہ بھی وضاحت نہیں کی کہ رواں برس کے سیزن کو کیا نام دیا جائے گا، کیوں کہ 2020 کے سیزن کو انہوں نے 13 ویں سیزن کے بجائے ’سیزن 2020‘ کا نام دیا تھا۔

کورونا کی وبا کے باعث ’سیزن 2020‘ کو گھروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تیار کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے مذکورہ سیزن مداحوں میں زیادہ مقبولیت حاصل نہیں کر پایا۔

’سیزن 2020‘ کو موسیقار روحیل حیات نے پروڈیوس کیا تھا، جنہوں نے 2019 میں 7 سال بعد اسٹوڈیو میں واپسی کی تھی مگر پھر رواں برس مارچ میں انہوں نے اسٹوڈیو سے ایک مرتبہ پھر علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: روحیل حیات کے بعد زلفی کے کوک اسٹوڈیو میں شامل ہونے کا امکان

روحیل حیات نے سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو کو لانچ کیا تھا تاہم 6 سیزنز بعد انہوں نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

ان کے بعد سیزن 7 سے 10 تک اسٹرنگز بینڈ نے کوک اسٹوڈیو کو سنبھالا اور 2017 میں اسے خیرباد کہہ دیا جس کے بعد علی حمزہ او زوہیب قاضی نے سیزن 11 پروڈیوس کیا تھا۔

بعدازاں روحیل حیات 2019 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں واپس آئے اور سیزن 2020 بھی انہوں نے پروڈیوس کیا تھا۔

روحیل حیات کے بعد اب کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن کو زلفی پروڈیوس کریں گے، جو اس سے قبل ’پیپسی: بیٹل آف دی بینڈز، نیسکیفے بیسمنٹ، مکڈونلڈز‘، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مختلف ٹیموں اور دیگر بینڈز کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

40 سالہ گلوکار و موسیقار نے 1994 میں کیریئر کا آغاز کیا اور انتہائی کم عرصے میں شہرت حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024