• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کوئٹہ: دہشت گردوں کے دیسی ساختہ بم حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید

شائع June 14, 2021
ایف سی بلوچستان کے جونیئرکمیشنڈ افسر سمیت 4 جوان شہید ہوئے—فوٹو: آئی ایس پی آر
ایف سی بلوچستان کے جونیئرکمیشنڈ افسر سمیت 4 جوان شہید ہوئے—فوٹو: آئی ایس پی آر

کوئٹہ میں دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بم حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 جوانوں کو شہید کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘دہشت گردوں نے مارگیٹ مائنز کی سیکیورٹی میں مامور فرنٹیئر کور کے جوانوں کو مارگیٹ روڈ کوئٹہ میں دیسی ساختہ بم استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا’۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

بیان کے مطابق ‘حملے میں ایف سی بلوچستان کے جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت 4 جوان شہید ہوئے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘شہادت پانے والے جوانوں میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے گاوں وانڈا لنگار کیل سے تعلق رکھنے صوبیدار سردارعلی خان، پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے چک 272 ای بی کے رہائشی سپاہی مصدف حسین، ضلع ڈی آئی خان کے علاقے وانڈا ٹیلگی کے رہائشی سپاہی محمد انور، آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کے گاوں بندل سے تعلق رکھنے والے سپاہی اویس خان شامل ہیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘ایف سی بلوچستان نے علاقے کو دہشت گردوں سے صاف کرنے کے لیے وسیع آپریشن شروع کردیا ہے جو جاری ہے’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘شرپسند عناصر کی جانب سے اس طرف کے بزدلانہ حملے بلوچستان میں بڑی محنت سے قائم کیے گئے امن و استحکام کو سبوتاژ نہیں کرسکتے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی فورسز یہاں تک اپنی جانوں اور خون کے ذریعے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں’۔

یاد رہے کہ 11 جون کو بھی بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایف سی کا ایک فوجی شہید ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: دہشتگردوں کے دو حملوں میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 8 زخمی

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس کے دوران بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے خلاف تشدد/دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ / گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے'۔

مزید بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کورپس بلوچستان کا ایک سپاہی، جس کی شناخت فدا الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے، شہید ہو گیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان میں دو الگ الگ حملوں میں 4 فوجی شہید اور 8 زخمی ہوچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک واقعے میں کم از کم چار دہشت گرد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں پیر اسمٰعیل زیارت کے قریب ایک ایف سی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی

آئی ایس پی آر کے مطابق 'واقعے میں 4 سے 5 دہشت گرد مارے گئے اور 7 سے 8 زخمی ہوئے'۔

دوسرے واقعے میں دہشتگردوں نے تربت کے مقام پر ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز آلے سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے دو ایف سی کے جوان فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024