• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

این سی او سی نے عوام کو ویکسی نیشن پر قائل کرنے کیلئے ویڈیو جاری کردی

شائع June 14, 2021
سختیوں میں نرمی کے بعد لوگ کراچی کے ساحل سمندر پر سیر و تفریح کر رہے ہیں — فوٹو: آن لائن
سختیوں میں نرمی کے بعد لوگ کراچی کے ساحل سمندر پر سیر و تفریح کر رہے ہیں — فوٹو: آن لائن

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے شہریوں کو کورونا ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور ان کی غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے ویکسی نیشن پر قائل کرنے کے لیے ویڈیو جاری کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام کمپنی جاز کے اشتراک سے بنائی گئی این سی او سی کی ویڈیو میں عوام کو آگہی دی گئی ہے کہ کورونا کو شکست دینے کے لیے ویکسی نیشن واحد راستہ ہے اور وائرس کا شکار ہونے والے اب پچھتا رہے ہیں کہ انہوں نے ویکسین کیوں نہیں لگوائی۔

ویڈیو کے پیغام میں ایک شخص قرنطینہ کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتا ہے اور اسے خوف ہوتا ہے کہ اہل خانہ میں سے کوئی اور وائرس سے متاثر نہ ہوجائے۔

خاتون کہتی ہیں کہ ان کی بہن کا ٹیسٹ مثبت آنے سے قبل ہی ان کے والد میں وبا کی علامات نمایاں ہوگئی تھیں۔

ایک بزرگ خاتون ویڈیو میں سانس لینے کے لیے ہانپتے ہوئے شخص کے لیے تھوڑی سے تازہ ہوا کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی رواں سال کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن کیلئے پُرعزم

ایک درمیانی عمر کے شخص وائرس سے متاثر ہونے کے بعد پیش آنے والے حالات و واقعات بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ انہیں اچانک بخار ہوا اور انہیں سمجھ نہیں آرہی تھی کہ کیا جائے۔

اسی طرح ایک نوجوان بتاتا ہے کہ ان کی والدہ کو وائرس سے صحتیاب ہونے میں دو ماہ لگے۔

ویڈیو میں بات کرنے والوں سے پوچھا جاتا ہے کہ اگر اس وقت ویکسین دستیاب ہوتی تو ان کا کیا فیصلہ ہوتا، تمام افراد کہتے ہیں کہ وہ بالکل وقت ضائع کیے بغیر ویکسی نیشن کراتے۔

بعد ازاں ویڈیو کے ذریعے پیغام دیا جاتا ہے کہ ویکسین نے امیدیں بحال کی ہیں، جنہیں ختم نہیں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب ملک میں وائرس سے مزید 56 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک ہزار 239 نئے کیسز سامنے آئے جن کی شرح 3.4 فیصد رہی۔

وزارت قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 12 جون کو ویکسین کی 3 لاکھ 89 ہزار 385 خوراکیں لگائی گئیں، جس کے بعد مجموعی طور پر لگائی گئی خوراکوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ 85 ہزار 787 ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024