• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
لائیو

پی ایس ایل 2021: دھانی کی عمدہ باؤلنگ، سلطانز نے زلمی کو شکست دے دی

شائع June 14, 2021
چار اہم وکٹیں لینے والے نوجوان باؤلر شاہنواز دھانی کا ایک انداز— فوٹو: پی ایس ایل
چار اہم وکٹیں لینے والے نوجوان باؤلر شاہنواز دھانی کا ایک انداز— فوٹو: پی ایس ایل

شاہنواز دھانی کی عمدہ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ محمد رضوان اور صہیب مقصود کی جرات مندانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے سنبھل کر اور قدرے سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں خصوصاً حیدر علی کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان بلے باز نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

کامران اکمل نے ابتدا میں جدوجہد کے بعد شاہنواز دھانی کو ایک ہی اوور میں تین چوکے مارے اور اس کی اگلی ہی گیند پر انہیں اس وقت نئی زندگی ملی جب وکٹ کیپر رضوان ان کا آسان کیچ نہ تھام سکے۔

پہلے اوور میں غیرمتاثر کن باؤلنگ کے باوجود دھانی نے بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے کامران کو آؤٹ کر کے اس 71 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا۔

اسکور 84 تک پہنچا ہی تھا کہ حیدر علی بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ روومین پاول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو زلمی کی ٹیم 88 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی تھی۔

ڈیوڈ ملر کا ساتھ دینے شرفین ردرفورڈ آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 37 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملر کی ہمت جواب دے گئی جو 22 رنز بنانے کے بعد بلیسنگ مزربانی کی وکٹ بن گئے۔

شرفین ردرفورڈ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنزبنائے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز شان مسعود اور رجوان نے ٹیم کو 45 رنز کا اچھا آغاز فراہم لیکن اس مرحلے پر ایک غیرضروری شاٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی 14 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد رضوان کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی ناؤ پار لگانے کا بیڑا اٹھایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا خصوصاً صہیب مقصود نے بڑے بڑے شاٹس لگا کر اپنی ٹیم کی جلد فتح کی راہ ہموار کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن فتح سے چند رنز کی دوری پر صہیب اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 31 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان رضوان نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا اور سلطانز نے 21 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔

رضوان نے 56 گیندوں پر 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔

شاہنواز دھانی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024