• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل2021: زلمی کی شان دار کارکردی، گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست

شائع June 12, 2021 اپ ڈیٹ June 13, 2021
ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2021 کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ڈیوڈ ملر اور کامران اکمل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی شان دار کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 61 رنز سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کے لیے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب نوجوان بلے باز حیدر علی پہلی ہی گیند پر محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔ عثمان شنواری نے حیدر علی کا کیچ تھاما اور پشاور زلمی کو پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

تجربہ کار بلے باز شعیب ملک بھی ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرکے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر محمد نواز کا نشانہ بنے اور صرف 2 رنز ان کے حصے میں آئے۔

ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر اچھی شراکت بنائی اور ٹیم کو شدید مشکلات سے نکال لیا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 4 چوکوں ور 4 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔

ملر نے زاہد محمود سمیت دیگر بلے بازوں پر بلند و بالا چھکے لگائے۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ملر نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔

ڈیوڈ ملر نے چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی.

کامران اکمل نے ملر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے شراکت داری میں ٹیم کی پہلی نصف سنچری اور بعد میں سنچری مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی.

پشاور زلمی کا اسکور جب 16 ویں اوور میں 135 رنز پر پہنچا تھا تو کامران اکمل کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کردیا تو پشاور کو تیسرا نقصان پہنچایا.

روومن پاوول نے کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد بہترین بلے بازی تاہم ڈیوڈ ملر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اس وقت زلمی کا اسکور 4 وکٹوں پر 157 رنز تھا.

پشاور زلمی کی جانب سے پانچویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے بازشرفین رودر فورڈ تھے جو 10 رنز بنا سکے.

پاوول اور فیبیان نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور مقرر 20 اوورز میں پشاور زلمی کا اسکور 197 رنز تک پہنچایا.

پشاور زلمی کے پاوول 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں.

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز صائم ایوب اور عثمان خان نے اچھا آغاز فراہم کیا اور ابتدائی 6 اوور میں بغیر کسی نقصان کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 62 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری جب وہ 28 رنز بنا کر ایلن کا شکار ہوئے۔

صائم ایوب بھی جلد آؤٹ ہوئے اور جب وہ 35 رنز بنا کر محمد عرفان کی وکٹ بنے تو گلیڈی ایٹرز نے 10 ویں اوور کی پہلی گیند پر 69 رنز بنا لیے تھے۔

گلیڈی ایٹرز کے بلے باز دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور مسلسل آؤٹ ہوئے، جیک ویدرلڈ نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد عرفان نے اعظم خان اور کیمرون ڈیلپورٹ کو صفر پر آؤٹ کرکے گلیڈی ایٹرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

گلیڈی ایٹرز کا اسکور جب 5 وکٹوں پر 85 رنز تھا تو عمید آصف نے محمد آصف کو بھی کھاتا کھولنے کی مہلت نہیں دی اور پویلین بھیج کر چھٹی وکٹ حاصل کرلی۔

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 100 مکمل کر لیے لیکن دوسرے اینڈ سے ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں تھا۔

عمید آصف نے خرم شہزاد کو 123 کے اسکور پر رن آؤٹ کرکے گلیڈی ایٹرز کی ساتویں وکٹ گرادیں۔

زلمی کے کپتان وہاب ریاض باؤلنگ کرنے آئے تو اور 123 کے ہی اسکور پر محمد حسنین اور زاہد محمود کی وکٹیں اڑادیں۔

زاہد محمود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے 9 ویں کھلاڑی تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے آؤٹ ہوئے بغیر 36 رنز بنائے۔

پشاور زلمی نے باآسانی 61 رنز سے کامیابی حاصل کی اور ان کی جانب سے محمد عرفان نے سب سے زیادہ 3، عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کرلیں۔

بیٹنگ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈیوڈ ملر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز شکست کھانے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور آندرے رسل کی جگہ ظاہر خان کو موقع دیا۔

پشاور زلمی کو آخری میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، فاف ڈیو پلیسی، عثمان خان، جیل ویدرلڈ، اعظم خان، محمد نواز، ظاہر خان، خرم شہزاد، زاہد محمود اور محمد حسنین۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024