• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بچوں کی حوالگی کا معاملہ، انجلینا عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست دائر کریں گی

شائع June 12, 2021
دونوں نے 6 بچوں کو گود لے رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
دونوں نے 6 بچوں کو گود لے رکھا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

ہولی وڈ میگا اسٹار انجلینا جولی، امریکی عدالت کی جانب سے بچوں کی پرورش اور حوالگی سے متعلق فیصلہ سابق شوہر براڈ پٹ کے حق میں دیے جانے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کریں گی۔

لاس اینجلس کی عدالت کے جج جان آڈرکرک نے گزشتہ ماہ 26 مئی کو اپنے 12 صفحات کے فیصلے میں انجلینا جولی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے براڈ پٹ کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

انجلینا جولی نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ تمام ہی 6 بچوں کی پرورش اور حوالگی ان کے سپرد کی جائے جب کہ براڈ پٹ بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر کرنا چاہتے تھے۔

عدالت نے انجلینا جولی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تمام بچوں کی مشترکہ کفالت کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: براڈ پٹ سابق اہلیہ انجلینا جولی سے بچوں کی حوالگی کا کیس جیت گئے

دونوں کے 6 بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑے بچے میڈوکس کی عمر 19 برس، دوسرے بچے پاکس کی عمر 17 برس، زہرا کی عمر 16 برس، شلوح کی عمر 14 برس جب کہ جڑواں بچوں ناکس اور ووینے کی عمر 12 برس ہے۔

دونوں نے 6 بچوں کو گود لیا ہوا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
دونوں نے 6 بچوں کو گود لیا ہوا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ انجلینا جولی عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست دائر کریں گی۔

ہولی وڈ لائف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ براڈ پٹ کے حق میں دیے گئے فیصلے سے متعلق عدالت کی اگلی سماعت 9 جولائی کو ہوگی، جس میں تین رکنی ججز کا پینل سماعت کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ سماعت میں انجلینا جولی اور براڈ پٹ کے وکلا بھی شریک ہوں گے لیکن مذکورہ سماعت کے دوران ہی اداکارہ عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اگر اداکارہ درخواست دائر کرتی ہیں اور ان کی درخواست سماعت کے لیے منظور ہوجاتی ہے تو ان کے درمیان بچوں کی حوالگی سمیت ان کی طلاق کا معاملہ بھی مزید التوا کا شکار ہوجائے گا۔

عدالت نے گزشتہ ماہ بچوں کی مشترکہ حوالگی کا فیصلہ سنایا تھا—فائل فوٹو: اے پی
عدالت نے گزشتہ ماہ بچوں کی مشترکہ حوالگی کا فیصلہ سنایا تھا—فائل فوٹو: اے پی

اس وقت تمام ہی بچے انجلینا جولی کے پاس ہیں، انہوں نے 2016 میں براڈ پٹ پر بچوں پر تشدد کا الزام لگا کر ان سے علیحدگی اختیار کی تھی اور تب سے ان کے درمیان طلاق اور بچوں کی پرورش و حوالگی کے کیس زیر سماعت ہیں۔

دونوں کے درمیان بچوں کی حوالگی اور طلاق کے درمیان کیسز کم از کم 4 مختلف عدالتوں میں چلے اور 2019 میں عدالت نے ایک مختصر فیصلے میں انہیں ’طلاق یافتہ‘ قرار دیا تھا لیکن ان کی طلاق کے معاملات مکمل طور پر حل نہیں ہوئے۔

انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 10 سال تک شادی کے بغیر ایک دوسرے سے تعلقات رکھے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی مگر دو سال بعد دونوں الگ ہوگئے تھے۔

اس وقت تمام بچے انجلینا جولی کے پاس ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
اس وقت تمام بچے انجلینا جولی کے پاس ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024