• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انتخابی اصلاحات کے ذریعے پی ٹی آئی اگلا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، احسن اقبال

شائع June 12, 2021
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزاد منصفانہ الیکشن کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔ 
— فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزاد منصفانہ الیکشن کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔ — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی گئی جبکہ مجوزہ اصلاحات کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اگلا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری تجاویز انتخابی اصلاحات سے متعلق دستاویزات کے ساتھ منسلک تھیں لیکن کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی کہ اتفاق رائے پیدا ہو۔

مزید پڑھیں: انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کو مراسلہ ارسال

احسن اقبال نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی اگلا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم کسی بھی حکومت کو یہ حق دے دیں کہ یکطرفہ انتخابی قوانین کو تبدیل کرے تو پاکستان میں آزاد منصفانہ الیکشن کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کے ذریعے پسماندہ علاقوں اور طبقوں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر انہیں احساس دلا دیا کہ ان کے ووٹوں کی ضرورت نہیں ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے یہ شرط اپنی اتحاد جماعت کی فرمائش پر رکھی ہے تاکہ کراچی سے دو نشستیں بڑھ جائیں اور خیبرپختونخوا سے کم ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ حلقہ بندی کی بنیاد آبادی ہوتی ہے تاکہ ہر شہری حلقے میں آئے اور اس کی تقسیم میں وزن پیدا ہو اور پھر ان کے ووٹ بنائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت

احسن اقبال نے کہا کہ ووٹر کی کسٹوڈین شپ الیکشن کمیشن کے بجائے نادرا کو دے دی گئی جس کا مطلب ہے کہ ووٹر کی رجسٹریشن کا عمل حکومت کے پاس آگیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح حکومت جب چاہے اور جس وقت چاہیے ووٹر کا نام لسٹ سے نکال دے۔

احسن اقبال نے آئی لینڈ سمیت متعدد ترقیافتہ ممالک کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے ممالک نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ اس میں شناخت خفیہ نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ ای وی ایم میں سے 25 ہزار میں اپنی تیار کردہ پروگرامنگ منسلک کردیں تو وہ خاص نوعیت کے نتائج جاری کردے گی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کون اس بات کی گواہی دے گا کہ ان مشینوں میں کوئی رد وبدل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ٹیکنالوجی کے افلاطون بنتے ہیں جبکہ میں انجینئر ہوں مجھے معلوم ہے کہ مشینوں میں کس نوعیت کے مسائل ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا انتخابی اصلاحات متعارف کروانے کا فیصلہ

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اس معاملے پر الیکشن کمیشن اور اپوزیشن کے ساتھ بیٹھیں، الیکشن کمیشن سے بھی مشاورت نہیں کی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کو معلوم ہوگیا کہ اگلے الیکشن میں اس کا سیاسی جنازہ اٹھنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں تاکہ حکومت کی سازش کو بے نقاب کردیا جائے۔

احسن اقبال نے بجٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ جب ہم حکومت چھوڑ کر گئے تھے تب ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے تھا لیکن موجودہ حکومت نے پاکستان کی ترقی اور دفاعی لائن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024