• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ڈومیسٹک ٹی20 لیگ میں شکیب الحسن آپے سے باہر، وکٹیں اکھاڑ کر پھینک دیں

شائع June 12, 2021
شکیب نے ایک ہی میچ میں دو مرتبہ کرکٹ قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں— فوٹو: اسکرین شاٹ
شکیب نے ایک ہی میچ میں دو مرتبہ کرکٹ قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں— فوٹو: اسکرین شاٹ

بنگلہ دیش کے مقامی ٹی20 ٹورنامنٹ میں اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کرکٹ کے اصولوں کے انحراف کرتے ہوئے تمام قوانین بھلا بیٹھے اور امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وکٹیں اکھاڑ کر پھینک دیں۔

ڈھاکا پریمیئر ڈویژن ٹی20 کرکٹ لیگ میں محمڈن اسپورٹنگ کلب اور اباہانی لمیٹیڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں شکیب نے ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ خراب رویے کا مظاہرہ کیا اور کرکٹ قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے شکیب الحسن پر 2سال کی پابندی عائد کردی

اباہانی لمیٹیڈ کے کپتان نے 27 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت ان کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں محمڈن کلب 21 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکا تھا اور اننگز کے پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر شکیب نے مشفیق الرحیم کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی۔

امپائر نے وکٹ کیپر بلے باز کو ناٹ آؤٹ قرار دیا لیکن شکیب نے یہ فیصلہ تسلیم نہ کیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لات مار کر وکٹیں گرا دیں اور امپائر سے آؤٹ نہ دینے پر بحث کرتے رہے۔

ابھی یہ معاملہ رفع دفع بھی نہیں ہوا تھا کہ پاور پلے کے دوران ہی ایک مرتبہ پھر امپائر کے فیصلے پر شکیب اپنے جذبات قابو میں رکھ سکے اور آ کر وکٹیں اکھاڑ کر پھینک دیں۔

شکیب کو اس رویے کی وجہ سے کرکٹ حلقوں شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اب دیکھنا ہو گا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک ٹی20 لیگ میں اس خراب رویے پر شکیب الحسن کے خلاف کیا کارروائی کی جاتی ہے۔

بعدازاں مایہ ناز آل راؤنڈر نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے شائقین سے اپنے رویے کی معافی مانگ لی۔

واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ کے سرفہرست آل راؤنڈر نے اکتوبر 2019 میں آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور کرپٹ عناصر کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے باوجود رپورٹ نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا ایک اور ڈرافٹ، شکیب باہر

قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جس میں سے ایک سال کی سزا ختم کرتے ہوئے بقیہ ایک سال کے لیے کھیل سے معطل کردیا گیا تھا۔

ایک سال کی پابندی کے خاتمے کے بعد شکیب الحسن نے کرکٹ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرایا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024