پاک فضائیہ کے 4 افسران کی ایئروائس مارشل کے عہدوں پر ترقی
پاک فضائیہ کے 4 افسران کو ائیر وائس مارشل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'حکومتِ پاکستان نے پاک فضائیہ کے 4 ائیر افسران کو ائیر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے'۔
بیان میں کہا گیا کہ 'ترقی پانے والوں میں ائیر وائس مارشل خالد محمود، ائیر وائس مارشل اسد عامر پیرزادہ، ائیر وائس مارشل سلمان عباس شاہ اور ائیر وائس مارشل محمد عرفان شامل ہیں'۔
ترجمان کے مطابق ترقی پانے والے ائیر وائس مارشل خالد محمود نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران ایک فائٹر اسکواڈرن، ایک فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل بیس کی کمانڈ کی۔
انہیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملیٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔
ائیر وائس مارشل اسد عامر پیر زادہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنئیرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے کیرئیر میں انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائیریکٹر نیٹ ورکس بیسز اور کمانڈنٹ کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ اصغر خان اکیڈمی کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔
انہیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملیٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ترقی پانے والے افسر ائیر وائس مارشل سلمان عباس شاہ نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنئیرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
انہوں نے کیرئیر کے دوران انجینرنگ ونگ کی کمانڈ کی اور کامرہ میں میراج ریبلڈ فیکٹری کے مینیجنگ ڈائیریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
ایئروائس مارشل سلمان عباس ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ائیرکرافٹ انجینئرنگ) بھی تعینات رہے اور انہیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملیٹری) سے نوازا گیا۔
پاک فضائیہ میں ترقی پانے ولے ائیر وائس مارشل محمد عرفان نے مئی 1991 میں پاک فضائیہ کی انجنئیرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کی اور کیرئیر میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائیریکٹر JF-17 تھنڈر پروجیکٹ کے طور پر فرائض سر انجام دیے۔
انہوں نے کامرہ میں ایویانکس پروڈکشن فیکٹری کے ڈپٹی منیجنگ ڈائیریکٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں اور انہیں پاک فضائیہ میں شان دار خدمات پر ستارہ امتیاز (ملیٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔