ون پلس کا سستا ترین اسمارٹ فون نورڈ سی ای پیش
ون پلس نے اپنا اب تک سستا ترین اسمارٹ فون نورڈ سی ای متعارف کرادیا ہے۔
چینی کمپنی نے اپنے گزشتہ سال کے پہلے مڈرینج فون نورڈ کا مزید سستا ون پلس نورڈ سی ای (کور ایڈیشن) 10 جون کو متعارف کرایا۔
ون پلس نے فون کا نام کور ایڈیشن ممکنہ طور پر اس لیے رکھا کیونکہ گزشتہ سال کے 'کور' فیچرز برقرار رکھنے کے ساتھ چند نئے کا اضافہ بھی کیا گیا۔
گزشتہ سال کا نورڈ ون پلس کا پہلا مڈرینج فون تھا جو کم قیمت ہونے کے ساتھ بہترین فیچرز جیسے 5 جی اور فاسٹ چارجنگ سے لیس تھا۔
اس نئے فون میں 6.43 ان کا امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فون میں اینڈرائیڈ 11 کا امتزاج کمپنی کے اپنے آکسیجن او ایس 11 سے کیا گیا ہے جبکہ 2 سال تک سافٹ ویئر اور 3 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی ضمانت دی گئی ہے۔
ون پلس نورڈ ایس ای میں 6، 8 اور 12 جی بی ریم جبکہ 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہیں۔
اس فون میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ ڈیش 30 ٹی فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے جو 30 منٹ میں بیٹری کو صفر سے 70 فیصد تک چارج کردیتی ہے۔
کمپنی کے مطابق نورڈ سی ای میں زیادہ توجہ ڈیزائن پر دی گئی ہے اور یہ 6 ٹی کے بعد اب تک سب سے پتلا اسمارٹ فون ہے جس کی موٹائی محض 7.9 ملی میٹر ہے۔
فون میں اسنیپ ڈراگون 750 جی پراسیسر مووجد ہے جبکہ ہیڈفون جیک کو برقرار رکھا گیا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے، جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرا موجود ہے۔
فون کے فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں 16 میگا پکسل کیمرا چھپا ہوا ہے۔
یہ فون ایشیا اور یورپ کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا بیس ماڈل یعنی 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج 299 یورو (56 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
8/128 جی بی ماڈل 329 یورو (62 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12/256 جی بی ورژن 399 یورو (75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔