عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کو شوبز شخصیات کا مشورہ
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان تعلقات ختم ہونے کی خبریں پھیلنے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے دونوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دونوں کے درمیان گزشتہ ڈھائی سے تعلقات کی خبریں تھیں، تاہم حال ہی میں ہانیہ عامر کی گلوکار عاشر وجاہت کے ساتھ کمرے میں بنائی گئی ایک ویڈیو وائرل ہونے پر چہ مگوئیاں ہوئیں کہ اداکارہ کے عاصم اظہر سے تعلقات ختم ہوگئے۔
مذکورہ ویڈیو پر ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت کو کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور بعد ازاں انہوں نے معذرت بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھین: عاشر وجاہت کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تنقید کرنے والوں کو ہانیہ عامر کا پیار بھرا جواب
ہانیہ عامر کی عاشر وجاہت کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے اور ان پر تنقید کے بعد عاصم اظہر نے بھی اداکارہ پر مبہم انداز میں تنقید کی تھی۔
عاصم اظہر کے بعد ہانیہ عامر نے بھی شکایتی پوسٹس کی تھیں، تاہم دونوں نے ایک دوسرے کا نام لیے بغیر اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں ماضی اور تعلقات کا ذکر کیا تھا۔
دونوں کی جانب سے نام لیے بغیر اپنے ماضی، تعلقات اور محبت کا ذکر کیے جانے پر لوگوں نے سمجھا کہ شاید اب ان کے درمیان تعلقات ختم ہوگئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقید کرکے دوسرے لوگوں کو خود پر ہنسنے کی دعوت دے رہے ہیں۔
ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے شکایتی پوسٹس کیے جانے کے بعد عام لوگوں نے بھی ان پر تنقید کی تھی کہ کافی عرصے تک تعلقات میں مزے لیتے رہے اور اب سوشل میڈیا پر لڑ رہے ہیں۔
مزید پڑھین: ہانیہ عامر کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے پر عاشر وجاہت نے خاموشی توڑ دی
دونوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے حوالے سے نام لیے بغیر کی گئی تنقیدی پوسٹس کے بعد شوبز شخصیات نے بھی ان کے حوالے سے پوسٹس کیں اور دونوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کریں۔
اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں دونوں کا نام لکھتے ہوئے دونوں کو مشورہ دیا کہ آن لائن تنقید کسی بھی صورت میں بہتر نہیں ہے اور ان دونوں کے جھگڑے کی وجہ سے شوبز اںڈسٹری بھی دو حصوں میں تقسیم ہو رہی ہے، جس وجہ سے باہر کے لوگ بھی ہنس رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ پاکستانی لوگ عمران خان سے لے کر ماہرہ خان تک کسی کو نہیں بخشتے، لیکن لوگوں کی تنقید کی وجہ سے انڈسٹری کو کسی بھی صورت میں دو حصوں میں تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔
اسی طرح اداکارہ عائزہ خان نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دونوں کا نام لیے بغیر انہیں مشورہ دیا کہ وہ دونوں اپنی زندگی کو اپنی ذات تک محدود رکھنا سیکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت کی وائرل ویڈیو کے معاملے میں عاصم اظہر کود پڑے
اداکارہ نے دونوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو یوں دوسروں کی تفریح کا ذریعے مت بنائیں۔
عائزہ خان اور یاسر حسین کی طرح اداکارہ رابعہ بٹ نے بھی دونوں کو مشورہ دیا کہ تعلقات ختم ہونے پر دونوں ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھیں۔
رابعہ بٹ نے ویڈیو پیغام میں دونوں کا نام لیے بغیر دونوں کو کہا کہ وہ ڈھائی تین سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد اب اختلافات ہونے پر ایک دوسرے خلاف نامناسب زبان استعمال نہ کریں اور دوسرے لوگوں کو بھی خود پر تنقید کا موقع نہ دیں۔
رابعہ بٹ نے دونوں کو کہا کہ ماضی میں تعلقات کی وجہ سے اپنے محبوب ترین رہنے والے شخص کو اختلافات کے بعد یوں برے الفاظ سے تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔
اداکارہ نے ویڈیو میں کہا کہ وہ یہ سوال نہیں کر رہیں کہ کون غلط ہے، کون صحیح ہے؟ وہ یہ پوچھنا چاہتی ہیں کہ کیا یہ صحیح ہے کہ جو شخص ایک یا تین سال تک آپ کا محبوب رہا ہو، اس کی یوں تضحیک کریں؟