• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جنوبی افریقی خاتون کے ہاں بیک وقت 10 بچوں کی پیدائش

شائع June 9, 2021
— فوٹو بشکریہ Anadolu Agency
— فوٹو بشکریہ Anadolu Agency

5 مئی کو افریقی ملک مالی سے تعلقق رکھنے والی خاتون حلیمہ سیسی کے ہاں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی جن میں سے 5 لڑکے اور 4 لڑکیاں تھیں۔

اس وقت خیال کیا جارہا تھا کہ حلیمہ کے تمام بچے چند ماہ تک زندہ رہے تو وہ ایک نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گی اور وہ دنیا کی پہلی خاتون بن جائیں گی، جن کے ہاں پیدا ہونے والے 9 ہی بچے صحت مند ہوں گے۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ اب یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کے پاس جاسکتا ہے جن کے ہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق بیک وقت 10 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گوسیامی تمارا سٹہول نامی خاتون کے شوہر نے جنوبی افریقی میڈیا کو بتایا کہ وہ 10 بچوں کی پیدائش پر دنگ رہ گئے کیونکہ اسکینز سے صرف 8 کی تصدیق ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ '7 بیٹوں اور 3 بیٹیوں کی پیدائش ہوئی ہے، میں بہت خوش اور جذباتی ہوں اور زیادہ بات نہیں کرسکتا'۔

ایک جنوبی افریقی عہدیدار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بچوں کی پیدائش کی تصدیق کی مگر دوسرے نے کہا کہ ابھی کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے کہا کہ اس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

اس وقت گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا ریکارڈ امریکی خاتون نادیہ سلیمان کے پاس ہے جس کے ہاں 2009 میں 8 بچوں کی بیک وقت پیدائش ہوئی اور وہ سب زندہ بچ گئے۔

عام طور پر 3 سے زیادہ بچوں کی پیدائش بہت کم ہوتی ہے اور ایسا اکثر فرٹیلیٹی علاج کاا نتیجہ ہوتا ہے مگر جنوبی افریقی جوڑے کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی علاج نہیں کرایا تھا اور حمل قدرتی انداز سے ٹھہرا تھا۔

37 سالہ گوسیامی تمارا اس سے قبل جڑواں بچوں کو جنم دے چکی ہیں جن کی عمر اب 6 سال ہوچکی ہے۔

گوسیامی تمارا سٹہول کی حمل کے دوران کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ افریقن نیوز ایجنسی
گوسیامی تمارا سٹہول کی حمل کے دوران کی ایک تصویر — فوٹو بشکریہ افریقن نیوز ایجنسی

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ذریعے حمل کے 29 ویں ہفتے میں جنوبی افریقی شہر پریٹوریا میں 7 جون کو 10 بچوں کی پیدائش ہوئی اور اب ان کی حالت ٹھیک ہے۔

بچوں کی پیدائش سے ایک ماہ قبل مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ حمل کے آغاز میں مشکلات کا سامنا ہوا تھا، مگر بچوں کی صحت مند پیدائش کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ متعدد بے خواب راتوں میں وہ پریشان رہی تھیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا 'وہ کس طرح مادر رحم میں فٹ آگئے، کیا وہ بچ سکیں گے؟'

مگر ڈاکٹروں نے ان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔

اس وقت خیال کیا جارہا تھا کہ ان کے ہاں 8 بچوں کی پیدائش ہوگی، جس دوران انہیں ٹانگوں میں تکلیف بھی ہوئی اور ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ 8 میں سے 2 غلط جگہ پر موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وت سب کچھ ٹھیک کردیا گیا تھا اور میں جب سے ٹھیک ہوں، میں اپنے بچوں کا مزید انتظار نہیں کرسکتی۔

ان کے شوہر نے کہا 'مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ خدا کے منتخب کردہ بچے ہیں، یہ ایک کرشمہ ہے جس کو میں سراہتا ہوں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024