• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

ہانیہ عامر اور عاشر وجاہت کی وائرل ویڈیو کے معاملے میں عاصم اظہر کود پڑے

شائع June 7, 2021
ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان تعلقات رہےہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان تعلقات رہےہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاشر وجاہت کی دو دن قبل وائرل ہونے والی ویڈیو کے معاملے میں جہاں عام لوگ اور شوبز شخصیات بھی کود پڑی ہیں، وہیں گلوکار عاصم اظہر نے بھی اس میں انٹری دے دی۔

ماضی میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے تعلقات کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی تھیں اور سوشل میڈیا پر بھی دونوں کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی تھیں۔

تاہم 5 جون کو ہانیہ عامر کی عاشر وجاہت کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا، وہیں یہ چہ مگوئیاں بھی ہونے لگیں کہ اداکارہ نے گلوکار عاصم اظہر سے تعلقات ختم کرلیے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں ہانیہ عامر کو اپنے 16 سالہ بھائی اور گلوکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک کمرے پر بستر پر مذاق کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھین: ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تنقید کرنے والوں کو ہانیہ عامر کا پیار بھرا جواب

مذکورہ ویڈیو میں ہانیہ عامر کو گلوکار عاشر وجاہت کے ساتھ انتہائی قریب دیکھا گیا، جب کہ ان کے بھائی کو بھی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے لوگوں کی تنقید پر افسوس کا اظہار کیا تھا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے لوگوں کی تنقید پر افسوس کا اظہار کیا تھا—اسکرین شاٹ

ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ بظاہر انہوں نے مداحوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے ویڈیو بنائی مگر مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان پر تنقید کی اور ان کے انداز کو عریاں اور بولڈ قرار دیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خود پر ہونے والی تنقید پر ہانیہ عامر نے 5 اور 6 جون کو انسٹاگرام پر مختلف پوسٹس میں دکھ کا اظہار کیا تھا۔

ہانیہ عامر نے لوگوں کی تنقید کو پدرشاہانہ سماج کا عکس قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ
ہانیہ عامر نے لوگوں کی تنقید کو پدرشاہانہ سماج کا عکس قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ

انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کو پدرشاہانہ سماج کی سوچ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر کوئی مرد ایسی ویڈیو یا تصویر شیئر کرتا تو اس کی تعریفیں کی جاتیں مگر ایک خاتون کا کردار خراب کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھین: ہانیہ عامر کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے پر عاشر وجاہت نے خاموشی توڑ دی

بعد ازاں گلوکار عاشر وجاہت نے بھی اپنی ویڈیو پر تنقید کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے لوگوں کے رویوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عاشر وجاہت نے ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو بہن و بھائی کا پیار قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ
عاشر وجاہت نے ہانیہ عامر کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو بہن و بھائی کا پیار قرار دیا تھا—اسکرین شاٹ

عاشر وجاہت نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ بحیثیت ایک قوم ہم لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل کو بھلا کر بہن اور بھائی کی کمرے میں تفریح پر پریشان ہیں۔

لیکن اس کے باوجود ان دونوں پر تنقید جاری رہی اور کئی لوگوں نے ان کی ویڈیو کو غیر اخلاقی قرار دیا تھا اور ان پر ہونے والی تنقید کے درمیان ہی عاصم اظہر نے ایک مبہم ٹوئٹ بھی کی، جس سے معاملہ مزید الجھ گیا۔

عاصم اظہر نے 5 جون کو ہی ٹوئٹ میں انوپم کھیر کی جف تصویر شیئر کی، جس میں لکھا تھا کہ ’بال بال بچ گئے‘ اور ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں شکرانے بھی ادا کیے۔

ہانیہ عامر نے عاصم اظہر سے نام لیے بغیر شکوہ بھی کیا—اسکرین شاٹ
ہانیہ عامر نے عاصم اظہر سے نام لیے بغیر شکوہ بھی کیا—اسکرین شاٹ

عاصم اظہر کی مذکورہ مبہم پوسٹ کے بعد لوگوں نے سمجھا کہ شاید ان کا ہانیہ عامر سے تعلق ختم ہوگیا اور ساتھ ہی انہیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں ہانیہ عامر نے بھی عاصم اظہر کی مبہم پوسٹ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر ٹوئٹ کی کہ یا تو آپ بہترین شخصیت بن سکتے ہیں یا پھر آپ کسی کا وقار مجروح کیے بغیر ’سابقہ محبوب‘ رہ سکتے ہیں۔

ہانیہ عامر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے بعد عاصم اظہر نے وضاحتی پوسٹ کی اور لکھا کہ دراصل ان کی مبہم پوسٹ اس شخص کے لیے نہیں تھی، جنہیں تکلیف پہنچی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کا نام لیے بغیر ہی پوسٹیں کیں لیکن صارفین سمجھ گئے کہ دونوں ایک دوسرے سے تعلقات ختم ہونے پر شکوے شکایتیں کر رہے ہیں۔

عاصم اظہر نے اپنی طویل وضاحتی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ڈیڑھ سال میں پہلی بار ایک پوسٹ کی ہے تو لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے جب کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر طرح طرح کی باتیں کی گئیں اور انہیں تعلقات کے نام پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں ہانیہ عامر کو بھی خیال آگیا اور انہوں نے بھی طویل انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت کی کہ ان کا مقصد ’سابق محبوب اور دوستوں‘ کے حوالے سے بحث چھیڑنا یا کرنا نہیں تھا۔

ہانیہ عامر نے طویل پوسٹ میں پورے معاملے پر کھل کر بات کی اور لکھا کہ دراصل ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کی جانب سے کی گئی تمام پوسٹس کا مقصد صرف یہ بتانا تھا کہ سوشل میڈیا پر کس طرح عورتوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور کس طرح ان کی چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے طویل پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے اپنی پوسٹس میں پدرشانہ سوچ اور نظام کے خلاف آواز اٹھائی۔

ہانیہ عامر نے لکھا کہ انہوں نے اپنی پوسٹس میں ایسے لوگوں پر تنقید کی، جو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے کو مذاق سمجھتے ہیں اور خواتین کو صرف جنسی شے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: ہانیہ عامر فیس بک
ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: ہانیہ عامر فیس بک

اداکارہ نے اپنی طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی غلطیوں کے اعتراف کرنے سے دور نہیں بھاگ رہیںِ انہیں احساس ہے کہ ان سے بھی غلطیاں ہوئیں اور وہ ان پر سب لوگوں سے معافی مانگ رہی ہیں اور کوشش کریں گی کہ آئندہ سوشل میڈیا کو لوگوں کے لیے بہتر جگہ بنایا جائے۔

انہوں نے مبہم انداز میں عاصم اظہر سے بھی شکوہ کیا اور انہیں تجویز دی کہ وہ بھی آئندہ مبہم پوسٹس نہ کریں، اگر انہیں کچھ کہنا ہو تو واضح طور پر کہیں۔

پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے تمام مداحوں سے محبت کا اظہار بھی کیا اور اپنی غلطیوں پر دل سے معافی بھی مانگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024