گوری رنگت کے اشتہارات سے شہرت پانے والی یمی گوتم نے شادی کرلی
بھارت اور پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی لڑکیوں کو اشتہارات کے ذریعے رنگ گورا کرنے کے مشورے دینے والی بھارتی اداکارہ یمی گوتم نے خاموشی سے دیرینہ ساتھی فلم ساز سے شادی کرلی۔
یمی گوتم اگرچہ چند بولی وڈ فلموں اور ڈراموں میں بھی کام کیا اور ساتھ ہی وہ پنجابی، تامل، کنڈا اور تیلگو سمیت دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
تاہم درحقیقت یمی گوتم کو زیادہ شہرت ان کے گوری رنگت کے اشتہاروں کی وجہ سے ملی، جن میں وہ جنوبی ایشیائی لڑکیوں کو مشورے دیتیں دکھائی دیں کہ گوری رنگت ہی کیریئر کی کامیابی اور جلد شادی کا راز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یمی گوتم بھی شادی کے خواب دیکھنے لگیں
اگرچہ یمی گوتم کی شادی کی خبریں بھی گزشتہ تین سال سے جاری تھیں کہ وہ جلد رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی، تاہم اب انہوں نے کورونا کی وبا کے باعث سادگی سے دیرینہ ساتھی فلم ساز ادیتیا دھار سے شادی کرلی۔
یمی گوتم اور ادیتیا دھار نے 4 اور 5 جون کی درمیانی شب انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ دونوں نے خاندان کی رضامندی اور موجودگی میں ساگدی سے شادی کرلی۔
دونوں نے بتایا کہ انہوں نے 4 جون کو ہی شادی کی اور تقریب کو انتہائی ذاتی اور مختصر رکھا گیا تھا۔
دونوں نے نئی زندگی کے آغاز پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شادی کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد اداکارہ نے 5 جون کو شادی کی تقریب کی دیگر تصاویر بھی شیئر کیں، جنہیں مداحوں نے کافی پسند کیا۔
دونوں کی جانب سے شادی کی تصدیق کیے جانے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کی نئی زندگی کے لیے دعائیں بھی کیں۔
یہ پہلے ہی چہ مگوئیاں تھیں کہ یمی گوتم اور فلم ساز ادیتیا دھار شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کیا تھا۔
دونوں کے درمیان 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم اڑی کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے تھے، مذکورہ فلم میں یمی گوتم نے بھی اداکاری کی تھی۔
ادیتیا دھار نے مذکورہ فلم کے علاوہ دیگر چند فلموں کی تیاری میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں، تاہم بطور فلم ساز انہوں نے مذکورہ ایک ہی فلم بنائی ہے۔