• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی کے تاجروں کا ہفتے سے مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھلی رکھنے کا اعلان

شائع June 4, 2021
کراچی کے تاجروں نے کہا کہ جیل جانے کوتیار ہیں-فائل/فوٹو: اے پی پی
کراچی کے تاجروں نے کہا کہ جیل جانے کوتیار ہیں-فائل/فوٹو: اے پی پی

کراچی تاجر ایکشن کمیٹی (کے ٹی اے سی) نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ کے 'غیر ذمہ دارانہ رویے' کے خلاف احتجاجاً ہفتے سے مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔

کے ٹی اے سی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں صوبائی حکومت کو خبردار کیا گیا کہ اگر پولیس یا انتظامیہ نے کوئی کارروائی کی یا کووڈ-19 کی بندشیں نافذ کرنے کے لیے دکانیں سیل کرنے کی کوشش کی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کیلئے مشاورت کررہے ہیں، سعید غنی

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے ہنگامی اجلاس کے 72 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی حکومت سندھ کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ کے خلاف یہ فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی تاجر ایکشن کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی مطالبہ تسلیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں رات آٹھ بجے تک کھلیں گی حکومت نے گرفتاریاں کرنی ہے تو جیل بھی جانے کو تیار ہیں، ابھی مارکیٹیں رات آٹھ بجے تک کھولیں گے اور اگلے ہفتے مارکیٹیں ایک دن بند رکھنے کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جا ئے گا۔

کے ٹی اے سی نے بیان میں کہا کہ کراچی کے تاجروں کی تمام تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں اور تمام تاجروں نے نو تشکیل شدہ تنظیم کی وفاداری کا حلف اٹھا لیا ہے اور کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کا اعلان بھی کیا گیا۔

بیان کے مطابق کراچی تاجر ایکشن کمیٹی میں مارکیٹوں، مالز، شادی ہال، ہوٹل اور بینکوئٹ کی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت سندھ نے 25 مئی کو اضافی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی تھی تاہم کاروباری سرگرمیاں صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رکھنے کے فیصلے کی دو ہفتوں کے لیے توثیق کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا تھا کہ جانتا ہوں سختیاں ہیں، کیونکہ مشکلات کا یہی حل ہے، سختیوں کی وجہ سے کورونا کیسز کم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج ٹاسک فورس نے سختیاں کم کرنے کا عندیہ دیا ہے، ری اوپننگ کی طرف جارہے ہیں اور اس پر مشاورت شروع کررہے ہیں۔

سعیدغنی نے کہا تھا کہ چھوٹا تاجر وینٹی لیٹر پر ہے، رواں عید الفطر کے ساتویں روز 2 ہزار کیسز بڑھے اور اسی وقت فیصلے کیے گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج ٹاسک فورس کے اجلاس میں سختیاں مرحلہ وار نرم کرنے کی بات کی ہے، ہم آنے والے اجلاس میں کراچی چیمبرکے نمائندوں کو بھی بٹھائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو حکومت کی جانب سے عائد کی گئیں بندشوں پر عمل درآمد کروانے کا حکم دیا تھا، جس میں شام 6 بجے مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات بھی شامل تھے تاہم بیکریوں، دودھ کی دکانیں اور ادویات سمیت دیگر مخصوص کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جمعے اور اتوار کو صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہوں گی تاہم حیدرآباد میں جمعے اور ہفتے کو چھٹی ہوگی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024