• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مئی میں پیٹرول کی فروخت بلند ترین سطح تک جا پہنچی

شائع June 3, 2021
پیٹرول کی فروخت اب تک کی بلند ترین سطح 7 لاکھ 31 ہزار ٹن تک جا پہنچی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پیٹرول کی فروخت اب تک کی بلند ترین سطح 7 لاکھ 31 ہزار ٹن تک جا پہنچی—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: عید الفطر کی طویل تعطیلات اور مارکیٹوں کی شام 6 بجے بندش کے باعث عوام کی محدود نقل وحرکت کے باوجود مئی میں پیٹرول کی فروخت اب تک کی بلند ترین سطح 7 لاکھ 31 ہزار ٹن تک جا پہنچی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی فروخت بھی 11 فیصد اضافے کے بعد 7 لاکھ 61 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ برس مئی میں 6 لاکھ 88 ہزار ٹن تھی۔

دوسری جانب فرنس آئل کی فروخت مئی 2020 کے ایک لاکھ 45 ہزار ٹن حجم کے مقابلے میں 16 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 68 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے تیل و گیس کی پیداوار کی ریئل ٹائم نگرانی شروع کردی

تینوں بڑی پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافے کے نتیجے میں اپریل 2021 کے دوران ملک کی مجموعی تیل کی فروخت 14 فیصد اضافے کے بعد ریکارڈ 16 لاکھ 92 ہزار ٹن تک جا پہنچی۔

گزشتہ برس اسی ماہ میں ملک میں تیل کی مجموعی فروخت 14 لاکھ 85 ہزار ٹن تھی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے عمیر نصیر نے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مالی 2021 کے 11 ماہ میں تیل کی فروخت 18 فیصد اضافے کے بعد ایک کروڑ 76 لاکھ 6 ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح اس عرصے میں فرنس آئل کی فروخت میں 45 فیصد اضافہ ہوا اور 26 لاکھ 50 ہزار ٹن ہوگئی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 18 فیصد اضافے کے بعد 69 لاکھ 20 ہزار ٹن جبکہ پیٹرول کی فروخت 12 فیصد بڑھ کر 74 لاکھ 53 ہزار ٹن ہوگئی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کارروائی کا حکم

کار، 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں، ایس یو ویز، کمرشل گاڑیوں اور بڑی گاڑیوں کی فروخت بڑھنے کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بڑھ رہی ہے۔

مالی سال 2021 کے 10 ماہ کے عرصے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار 679 کاریں فروخت ہوئیں جبکہ اس عرصے میں گزشتہ برس فروخت ہونے والی کاروں کی تعداد 85 ہزار 330 تھی۔

دوسری جانب رواں ماہ سال کے 10 ماہ کے دوران ٹرکوں کی فروخت میں 7.7 فیصد جبکہ بسوں کی فروخت میں 5.6 فیصد اضافہ ہوا۔

تیل کی پیداوار میں کمی

دریں اثنا پاکستان میں 25 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران تیل کی پیداوار 73 ہفتوں کی کم ترین سطح 68 ہزار 388 بیرلز یومیہ تک آگئی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے شنکر تلریجا کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ ٹل بلاک فیلڈ کا سالانہ ٹرن آراؤنڈ (پلانٹ کے مکمل معائنے اور مرمت کا عمل) ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کا بحران اور مجموعی صورتحال پر ایک نظر

اسی طرح 18 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ماخوری ایسٹ آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار 9 ہزار 27 بیرل یومیہ سے کم ہو کر 3 ہزار 460 بیرل یومیہ تک آگئی۔

مذکورہ بالا عرصے کے دوران گیس کی پیداوار 3 ہزار 495 ایم ایم سی ایف ڈی رہی جو ہفتہ وار بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے اور اس کی وجہ کندھ کوٹ اور مری فیلڈ سے بالترتیب 131 ایم ایم سی ایف ڈی اور 748 ایم ایم سی ایف ڈی لی جانے والی گیس ہے۔


یہ خبر 3 جون 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024