• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’ریپ‘ الزامات کے بعد غائب رہنے والے کیون اسپیسی کی فلمی دنیا میں واپسی

شائع June 2, 2021
اداکار اطالوی فلم سے دوبارہ اسکرین پر دکھائی دیں گے—فوٹو: رائٹرز
اداکار اطالوی فلم سے دوبارہ اسکرین پر دکھائی دیں گے—فوٹو: رائٹرز

'ریپ‘ الزامات کے بعد مقدمات کا سامنا کرنے والے ہولی وڈ کے ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ اداکار 62 سالہ کیون اسپیسی سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی ایک فلم میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

کیون اسپیسی 2017 میں خود پر ایک کم عمر لڑکے کے ’ریپ‘ کے الزام کے بعد فلمی دنیا کے منظرنامے سے غائب تھے، ابتدائی طور پر ان پر الزامات لگائے جانے کے بعد انہیں معروف ٹی وی شو ’ہاؤس آف کارڈز‘ سے باہر کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد انہیں مختلف فلموں سے بھی الگ کردیا گیا تھا اور ان پر 2017 سے 2020 کے اختتام تک کم از کم 30 مرد و خواتین نے ’ریپ، جنسی استحصال اور جنسی ہراسانی‘ کے الزامات لگائے تھے۔

کیون اسپیسی کے خلاف امریکا کی مختلف عدالتوں میں ’ریپ‘ کے الزامات کے تحت ہتک عزت سمیت دیگر نوعیت کے کیس بھی دائر کیے گئے تھے لیکن 2020 تک ان پر کیس کرنے والے دو افراد کی موت اور ایک شخص کی جانب سے مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد ان کے خلاف 3 کیس ختم ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کیون اسپیسی پر 2 مرد حضرات نے’ریپ‘ کا مقدمہ دائر کردیا

تاہم 2020 میں ہی ان پر مزید دو مرد حضرات نے ’ریپ‘ کے الزامات کے تحت ہتک عزت کے مقدمات دائر کیے تھے، ان کے خلاف دائر کیے گئے بعض مقدمات 40 سال پرانے ہیں، تاہم عام کیسز 2000 سے 2015 کے درمیان کے ہیں۔

کیون اسپیسی ماضی میں خود پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے آئے ہیں لیکن وہ ساتھ ہی لوگوں سے معاف بھی مانگ چکے ہیں کہ ممکنہ طور پر ان کے غلط رویے سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو انہیں معاف کیا جائے۔

’ریپ اور جنسی استحصال‘ کے الزامات کے بعد کیون اسپیسی شوبز کی دنیا کے منظر سے غائب تھے لیکن اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ جلد ہی اطالوی فلم سے اسکرین پر واپسی کریں گے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائٹ ورائٹی کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کیون اسپیسی اطالوی زبان میں بننے والی فلم میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

مزید پڑھیں: لڑکے کے ’ریپ‘ کا الزام، کیون اسپیسی پر 5 سال قید کی تلوار لٹکنے لگی

کیون اسپیسی کی فلموں میں واپسی کی خبریں اٹلی کی مقامی میڈیا میں اس وقت سامنے آئیں جب ہولی وڈ اداکار کو اٹلی کے شہروں میں گھومتے دیکھا گیا۔

بعد ازاں مقامی میڈیا میں خبریں وائرل ہونے کے بعد فلم کے پروڈیوسر نے ’ورائٹی‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کیون اسپیسی اطالوی فلم کے ذریعے اسکرین پر واپسی کریں گے۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق کیون اسپیسی اطالوی فلم میں پولیس جاسوس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، اگرچہ ان کا کردار مرکزی نہیں ہے لیکن وہ اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024